
نیتن یاہو کی صدر ٹرمپ سے 2 روز میں دوسری ملاقات؛ اعلامیہ جاری نہ ہوسکا
شیعہ نیوز:واشنگٹن میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے امریکی صدر ٹرمپ سے 2 روز میں دوسری ملاقات کی ہے۔
واشنگٹن میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان دو روز کے دوران وائٹ ہاؤس میں دوسری ملاقات ہوئی، تاہم اس اہم ملاقات کے باوجود کوئی مشترکہ اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔
ملاقات وائٹ ہاؤس میں عشائیے پر ہوئی، جو تقریباً 90 منٹ تک جاری رہی، مگر اس کے بعد نہ وائٹ ہاؤس اور نہ ہی اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے کوئی بیان سامنے آیا۔ ملاقات کے اختتام پر نیتن یاہو میڈیا سے بات کیے بغیر ہی روانہ ہوگئے۔
ملاقات سے قبل صدر ٹرمپ نے عندیہ دیا تھا کہ وہ اسرائیلی وزیراعظم سے غزہ کی صورتحال پر گفتگو کریں گے اور اس مسئلے کے حل پر زور دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری تنازع کے چار میں سے تین نکات پر اتفاق ہو چکا ہے۔
تاہم بعض ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے حوالے سے کوئی نمایاں پیش رفت نہیں ہو سکی۔ حکام غزہ سے انخلا کے بعد اسرائیلی فوج کی مختلف علاقوں میں موجودگی جیسے معاملات پر بحث کرتے رہے، البتہ فلسطینیوں کو امداد کی فراہمی کا طریقہ کار طے کر لیا گیا ہے۔
ملاقات کے اختتام پر اعلان کیا گیا کہ مشرق وسطیٰ سے متعلق امریکی صدر کے مشیر اسٹیو وٹکوف نے اپنا دوحہ کا دورہ ملتوی کر دیا ہے، جہاں حماس اور اسرائیل کے درمیان بلواسطہ مذاکرات کا نیا مرحلہ شروع ہونا تھا۔ وٹکوف نے امید ظاہر کی تھی کہ ہفتے کے اختتام تک ساٹھ روزہ جنگ بندی کا معاہدہ طے پا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ نیتن یاہو کی وائٹ ہاؤس آمد سے قبل قطری وفد نے بھی وہاں سینئر امریکی حکام سے کئی گھنٹوں پر مشتمل ملاقات کی تھی۔