
یوم غدیر، اعلان ختم نبوت و اعلان امامت و ولایت کا دن ہے، علامہ ساجد نقوی
شیعہ نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں یوم غدیر اعلان ختم نبوت اور امامت کے ذریعے رسالت کے مشن کو جاری رکھنے کا یوم ہے، پیغمبر اکرم (ص) نے پیغام رسالت کی حفاظت، تشریح، تعبیر، نفاذ اور نشر و اشاعت کے لئے امامت کے ذریعے ایک جامع میکنزم تشکیل دیا، اسی عظیم نظام کا مظہر یوم غدیر ہے، عوام الناس تک پیغام رسالت پہنچانے کے لئے مقام، وقت کا تعین اور مخصوص منبر کا قیام غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے 18 ذی الحجہ یوم غدیر کے موقع پر کہا کہ یوم غدیر تاریخ اسلام میں خاص اہمیت رکھتا ہے، خداوند متعال نے اسلام کو دین کامل اور پسندیدہ ترین دین قرار دیا ہے اسی دین کی تبلیغ و ترویج کے لئے رحمت اللعالمین جیسی ہستی نے تکالیف اور مصائب برداشت کیے اور غدیرِ خم کے تاریخی میدان میں دین کی حفاظت، تفہیم، نفاذ اور نشر و اشاعت کیلئے نظامِ ولایت و امامت کا اعلان فرمایا۔ یقیناً اسلام کے تاقیامت قائم و دائم رہنے کیلئے یہ اعلان غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے جو رب کائنات نے اپنی اشرف المخلوقات کی رہنمائی کیلئے اہل اسلام و اہل عالم کیلئے تجویز فرمایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیغام رسالت کو پوری دنیا تک پہنچانے، اس الٰہی پیغام کی حفاظت تشریح، تعبیر، نفاذ اور نشر و اشاعت میں نظام ولایت و امامت کا بڑا کردار ہے اور اسی کردار کے حوالے سے حضور اکرم نے ایک مکمل و جامع پلان کے ذریعے غدیر کے مقام کا تعین، وقت کا تعین، انتظام و انصرام اور عوام الناس تک پیغام پہنچانے کے لئے مخصوص منبر بنانے کے انتظامات کئے اور مخصوص انداز میں اعلان کیا گیا، اس دور کا یہ سب سے منفرد اور بڑا ذریعہ ابلاغ تھا جس کے ذریعے یہ پیغام الٰہی پوری امت مسلمہ تک پہنچا۔ علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ نظام ولایت و امامت کا مظہر کامل علی ابن ابی طالبؑ کی ذاتِ مقدس ہے جنہوں نے تفہیم دین میں نبی کے وصی کے طور قابل تقلید کردار ادا کیا، پیغمبرِ خدا نے فرمایا کہ اے علیؑ میں نے تنزیل پر جنگ کی ہے آپؑ تاویل پر جنگ کریں گے۔ انہوں نے اہل اسلام کو اپنے خصوصی پیغام میں مزید کہا کہ یوم غدیر کی بابرکت ساعتوں میں ہمیں تجدید عہد کرنا ہوگا کہ ہم دین اسلام کی سربلندی و ترویج کیلئے حضرت علی ابن ابی طالبؑ کی سیرت و کردار کو نمونہ عمل بنا کر اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو اس کے عین مطابق ڈھالیں گے۔ آخر میں علامہ ساجد علی نقوی نے یوم غدیر کے موقع پر اہل اسلام کو مبارکباد پیش کی۔