پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

اعلان غدیر اسلامی تاریخ کا عظیم واقعہ ہے، عارف حسین الجانی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام عیدِ غدیر کے موقع پر آئی ایس او کے مرکزی سیکرٹریٹ المصطفی ہاؤس لاہور میں جشن منایا گیا۔ جشن غدیر سے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر عارف حسین الجانی نے خطاب کیا۔

جشن غدیر سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر عارف حسین الجانی نے کہا کہ واقعہ غدیر اسلامی تاریخ کا عظیم واقعہ ہے، اس موقع پر رسولِ خدا (ص) نے خداوند کریم کے حکم کے مطابق دین کے مکمل ہونے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج مسلمانوں کی مشکلات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ امت نے غدیر کو فراموش کر دیا جس کی وجہ سے آج امت افتراق کا شکار ہو چکی ہے۔

عارف حسین الجانی نے کہا کہ مسلم حکمرانوں نے اپنا رول ماڈل اسلام کی بجائے مغرب کو بنا رکھا ہے۔ اس کیساتھ ساتھ مسلم حکمرانوں کا آپس میں اختلاف دشمن کو کارروائی کا موقع دے رہا ہے، مسلمانوں کی مشکلات کا حل باہمی اتحاد و وحدت میں ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں غدیر کی لکیر منافق اور مومن کی راہوں کو جدا کرتی ہے

مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ آئی ایس او کے جوان ولایت کی امیدوں کا مرکز ہیں، ولایت، ہمارے جوانوں کے خون میں اتنی رچی بسی ہونی چاہیئے کہ خون کا ہر قطرہ ولایت کی گواہی دے، آج ہمیں ملک، قوم اور دین کے ساتھ عہد کرتے ہوئے خطبہ غدیر کو عملی جامہ پہنانا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سمیت پورا عالم اسلام آج غدیر کی خوشیاں منا رہا ہے، آج کا دن اسلام کی تکمیل کا روز ہے۔

عارف حسین الجانی نے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جس میں کسی قسم کی شدت نہیں پائی جاتی، اسلام تو امن وآشتی کا پیغام دیتا ہے، اگر طاقت کے زور پر اسلام پھیلانا ہوتا تو ہمارے نبی طائف کے بدووں سے پتھر کھانے کے باوجود بھی دعا نہ کرتے، آج ہم مغرب کے پیغام کو تو عام کرتے ہیں لیکن اسلام کے عالمی پیغام کو عام نہیں کرتے۔

المصطفی ہاؤس یونٹ کے اراکین نے بارگاہ رسالت معآب (ص) میں ہدیہ نعت اور اہل بیت علیہم السلام کی شان میں منقبت اور قصیدے پیش کیے۔

جشن غدیر کے آخر میں ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے اجتماعی دعا کرائی گئی اور کیک بھی کاٹا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button