
صیہونیوں کخلاف فلسطینی نوجوانوں کا انوکھا جواب
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) فلسطینی نوجوانوں نے اعلان کیا کہ غاصب صیہونی ٹولے کے دہشتگردانہ اور جارحانہ اقدامات کو لگام دینے کے لئے آتش زا غباروں اور پتنگوں سے مقبوضہ علاقوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
زمینی و فضائی محاصرے سے روبرو غزہ پٹی کے فلسطینی باشندے صیہونی دہشتگردوں کے حملوں اور انکی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے آتش زا غباروں اور پتنگوں کا استعمال کرتے رہتے ہیں جس کے باعث صیہونیوں کو اب تک کئی میلین ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔غاصب صیہونی حکومت کے سرغنہ بنیامن نتن یاہو نے صیہونی آبادیوں کی جانب چھوڑے جانے والے آتشی غباروں اور پتنگوں کو ایک ڈراونے خواب سے تعبیر کیا ہے۔
دوسری جانب غاصب صیہونی دہشتگردوں نے مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینیوں پر دھاوا بولا اور عینی شاہدین کے مطابق متعدد فلسطینی نوجوانوں کو وجہ بتائے بغیر اٹھا کر لے گئے۔
قابل ذکر ہے کہ غاصب صیہونی دہشتگرد اپنے توسیع پسندانہ منصوبوں پرعملدرآمد کے پیش نظر آئے دن فلسطینی علاقوں پر چڑھائی کرتے رہتے ہیں اور بے بنیاد الزامات لگا کر فلسطینی نوجوانوں کو اغوا کر کے لے جاتے ہیں۔