گلگت، جشن عید میلاد النبی اور الیعقوبی فائونڈیشن کے دفتر کا افتتاح
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) الیعقوبی ویلفيئر فاونڈیشن کے زیر اہتمام المصطفی پبلک سکول اینڈ کالج گلگت میں ولادت باسعادت حضرت محمد مصطفی(ص)، امام جعفر صادق،(ع) ہفتہ وحدت اور دفتر الیعقوبی ویلفيئر فاونڈیشن گلگت کی افتتاحی تقریب کے حوالے سے عظیم الشان پروگرام منعقد ہوا، جس میں عراق سے تشریف لانے والے مندوب شیخ عمار الھلالی، آیت اللہ الیعقوبی کے پاکستان میں نمائندے شیخ ہادی حسین ناصری، ڈپٹی سپیکر جی بی اسمبلی جعفراللہ خان، ممبر جی بی اسمبلی جاوید حسین، کرنل ریٹائرڈ عبیداللہ بیگ اور پروفیسر اجمل حسین رہنما تحریک انصاف، چیرمین الیعقوبی ویلفيئر فاونڈیشن گلگت بلتستان شیخ اقبال توسلی، صدر ٹیچرز ایسوسی ایشن جی بی حاجی شاہد حسین سمیت جی بی کے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات، علماء اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر عراق سے تشریف لانے والے شیخ عمار الھلالی نے الیعقوبی ویلفيئر فاونڈیشن گلگت بلتستان کے دفتر کا باضابطہ افتتاح بھی کیا۔ چیرمین الیعقوبی ویلفيئر فاونڈیشن گلگت بلتستان کے چیرمین شیخ اقبال توسلی نے کہا کہ الیعقوبی ویلفیر فاونڈیشن کا بنیادی مقصد اتحاد بین المسلمین اور دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہے، بلارنگ و نسل، مذہب و قومیت، علاقائیت جہاں اور جس کو بھی ضرورت ہو وہاں خدمات انجام دینگے، علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے حکومت سے بھی پھرپور تعاون کیا جائے گا۔ حکومت، سیاستدان، عمائدین، علماء اور عوام سے تعاون کی اپیل ہے۔
عراقی مندوب شیخ عمار الھلالی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی علماء کی خواہش اور تقاضا کرنے اور پاکستان میں ضروریات کو مدنظر رکھ کر پاکستان اور گلگت بلتستان میں دکھی انسانیت اور ضرورت مندوں کی خدمت کیلئے فلاحی کاموں کا اغاز کیا ہے اور باقاعدہ دنیا بھر کی طرع پاکستان اور جی بی میں باقاعدہ دفاتر کھولے ہیں، آیت للہ محمد موسی الیعقوبی کا فرمان ہے کہ اسلام اور دین کی خدمت کی جائے اور یہاں ہم خدمات انجام دینے آئے ہیں، حکومت پاکستان اور وزیر مذہبی امور کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے سیرت النبی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی اور پاکستان آنے کا موقع دیا۔ جی بی کی صوبائی حکومت، علماء اور عوام کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے عزت بخشی۔
اس موقع پر ڈپٹی سپیکر جی بی اسمبلی جعفراللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ الیعقوبی ویلفيئر فاونڈیشن گلگت بلتستان میں فرقہ واریت کو ختم کرنے میں کرداد ادا کرے گی اور علاقے کے ماحول میں مزید بہتری آئے گی۔ علماء انبیاء کے وارث اور ہمارے سر کے تاج ہیں اور عوام ان کی اقتداء کرتے ہیں، گلگت بلتستان میں امن و امان کے قیام میں بھی علماء کا اہم کردار رہا ہے، صوبائی حکومت اور عوام ان کے ساتھ مکمل تعاون کرینگے، امید ہے ان کو نیک مقاصد میں کامیابی ملے گی۔
ڈپٹی سپیکر نے مزید کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ(ص) نے اپنے کردار کے ذریعے دین اسلام کو پھیلایا، اسلام تمام مذاہب پر غالب ہے لیکن آپس کی تفرقہ بازی کی وجہ سے غیر مسلم ہمارے اوپر حکمرانی کر رہے ہیں اور ہمارے وسائل سے غیر مسلم استفادہ حاصل کر رہے ہیں، پوری دنیا میں مسمانوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، کشمیر اور فلسطین پر ہونے والے مظالم کے سدباب کے لیے مسلمان متحد اور تیار نہیں ہیں، کشمیر کے مسئلے پر مسلمان ممالک نے اقوام متحدہ میں ساتھ نہیں دیا بلکہ کچھ مسلمان ممالک نے مودی کو ہار پہنائے اور مندر بھی کھل گئے، مسلمان متحد ہو تو پوری دنیا پر حکمرانی کر سکتے ہیں۔
تقریب سےخطاب کرتےہوئے آیت اللہ الیعقوبی کے پاکستان میں نمائندے شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ الیعقوبی فائونڈیشن پاکستان کے قوانین اور آئین کو مدنظر رکھ کر وہاں کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتی ہے، دنیا بھر کے مختلف ممالک میں ہمارے دفاتر موجود ہیں اور آج جی بی میں دفتر کھولا ہے اور یہاں دینی، اور فلاحی خدمات انجام دینگے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان اچھے تعلقات ہیں، عراق پہلا عرب ملک ہے جس نے سب سے پہلے پاکستان کو تسلیم کیا تھا، پاکستان اور عراق کے درمیان 16 معاہدے ہیں، ان کو مزید فعال بنا کر تعلقات کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے، تعلقات مزید بہتر ہوئے تو ہم پاکستانی عوام کی بہتر خدمت کر سکتے ہیں اور پاکستان میں مذہبی اور معاشی بنیاد میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا عراقی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات دستیاب نہیں، اس جانب توجہ دی جائے، سیاست سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے، جو قوم کی خدمت کرے ان کے لیے دعاگو ہیں۔
رکن جی بی اسمبلی جاوید حسین نے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ الیعقوبی فائونڈیشن مسلمانوں کی خدمت کا عزم لے کر آئی ہے، جو جی بی کے لیے نیک شگون ہے، ہمارا تعاون ان کے ساتھ رہے گا، امید ہے گلگت بلتستان میں وحدت اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے الیعقوبی اور علماء کام کرینگے، قیام امن کے لیے بھی علماء کا کردار اہم رہا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما کرنل (ر) عبیداللہ نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کا جذبہ لے کر جی بی آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ دکھی انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرینگے۔ تقریب سے شیخ قیصر عباس و دیگر علماء نے بھی خطاب کیا۔