مشرق وسطی

زائرین اربعین کے لیے خوش خبری: ایران نے پاکستانیوں کے لیے ویزا فری کرنے کا اعلان کر دیا

شیعہ نیوز: اسلامی جمہوریہ ایران نے اربعین حسینی کے موقع پر پاکستانی زائرین کی سہولت کے لیے 4 تا 19 اگست تک بغیر کسی فیس کے زیارتی ویزا جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران نے اربعین حسینی کے موقع پر پاکستانی زائرین کے لیے مفت زیارتی ویزا جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے اور دیگر شہروں میں واقع قونصل خانوں کی طرف سے اعلان کیا گیا ہے کہ 4 اگست سے 19 اگست 2025 تک اربعین کے زائرین کو زیارتی ویزا بلا معاوضہ جاری کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے کے قونصلر "حسام خاتمی” نے ایرانی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاکستان جیسے دوست اور ہمسایہ ملک کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سال بھی زائرینِ حضرت امام حسینؑ کے لیے زیارتی ویزا کو مفت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : روس یا امریکہ، ایک کا انتخاب کریں، امریکی سینیٹر کی بھارت، چین اور برازیل کو کھلی دھمکی

انہوں نے وضاحت کی کہ ایرانی مفت ویزا حاصل کرنے کے لیے چند شرائط کا ہونا ضروری ہے، جن میں: عراق کا ویزا، اربعین سے متعلق ایرانی زیارتی ویزے کی منظوری، اور زمینی سفر کے لیے بسوں کی فراہمی شامل ہے۔ ویزا منظوری کے لیے کوئی فیس نہیں لی جائے گی، صرف ایک معمولی بیمہ فیس وصول کی جائے گی۔

حسام خاتمی کے مطابق، اربعین کے دوران زائرین کے زمینی راستوں سے ایران میں داخلے اور پھر عراق جانے سے متعلق تمام ضروری ہدایات اور ضوابط ایران کے سفارتخانوں اور قونصل خانوں کی جانب سے زیارتی کاروانوں اور ایجنسیوں کو جاری کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایرانی نمائندہ دفاتر کی قونصلر خدمات اس موقع پر مزید فعال کر دی گئی ہیں تاکہ زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولت میسر ہوسکے۔

قابل ذکر ہے کہ یہ اعلان تہران میں ایران، پاکستان اور عراق کے وزرائے داخلہ کے سہ فریقی اجلاس کے موقع پر سامنے آیا ہے، جس کی میزبانی اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button