اہم پاکستانی خبریں

عمرہ پر جانے والے پاکستانیوں کیلئے خوش خبری

ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بتایا کہ مکہ اور مدینہ میں مقدس اور تاریخی مقامات کو سعودی عرب آنے والوں کے لیے کھولا جا رہا ہے، مزید کہا کہ ان تاریخی مقامات میں غار حرا، جبل طور، جنگ احد کا مقام وغیرہ شامل ہیں، ان مقامات کو لوگ دیکھنا پسند کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں 100 سے زائد ایسے تاریخی مقامات ہیں، ہم وہاں ترقیاتی کام کروا رہے ہیں تاکہ ان مقامات اور تاریخی ورثے میں اضافہ ہو۔

سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ نے کہا کہ حکومت زائرین کو وہ تمام سہولتیں فراہم کرنا چاہتی ہے جس کے سبب زیادہ لوگ متوجہ ہو سکیں، اور میرے پاکستان کے دورے کے دوران پاکستانی اور سعودی فضائی کمپنیوں کے درمیان پروازوں کی تعداد بڑھانے کے لیے معاہدے پر دستخط بھی کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسی پروازیں جن کے کرائے کم ہوں، اس کے لیے نئی ایئر لائن کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

اس حوالے سے پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ نے 21 اگست کو رپورٹ کیا تھا کہ پاکستان اور مملکت سعودی عرب کے مابین فضائی خدمات کا معاہدہ (اے ایس اے) طے پاگیا ہے، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ڈائریکٹر جنرل خاقان مرتضیٰ اور مملکت سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (جی اے سی اے) کے صدر عبدالعزیز الدو یلج نے بالترتیب حکومت پاکستان اور مملکت سعودی عرب کی جانب سے معاہدے پر دستخط کر ددیے ہیں۔

سفر کی بہتر سہولیات کیلئے نسک ایپ کا اجرا

انڈپینڈنٹ اردو نے مزید رپورٹ کیا کہ سعودی عرب کی ٹوریزم اتھارٹی نے پاکستان میں سفر کی منصوبہ بندی اور بکنگ کے لیے ایک ایپ ’نسک‘ کا اجرا کیا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ متذکرہ ایپ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان فلائٹس بڑھانے اور سیاحت کے فروغ کے معاہدے پر دستخط کے ایک روز بعد متعارف کروائی گئی ہے۔

انڈپینڈینٹ اردو کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے ’نُسک ’ پہلا باضابطہ پلیٹ فارم ہے، جس کے استعمال سے مکہ، مدینہ کے علاوہ دیگر مقامات اور حج یا عمرہ کے پروگرام مرتب کرنے مدد ملتی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ نُسک ایپ کے ذریعے دنیا بھر سے زائرین الیکٹرونک ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، اس کے علاوہ ہوٹلز یا فلائٹس کی بکنگ سمیت پورے دورے کا آسانی سے انتظام کر سکتے ہیں، نُسک پلیٹ فارم منگل کو کراچی میں سعودی وزیر ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کیا۔

واضح رہے کہ اے پی پی کے مطابق سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ کے40 سال بعد پاکستان کے تاریخی دورہ 20 اگست کو اسلام آباد پہنچے تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ حرمین الشریفین کے انتظامی بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں۔ سعودی وزیر مذہبی امور کے ہمراہ ڈپٹی وزرا حج عمرہ، سیاحت، عالمی تعاون، سعودی ایئرلائن کے صدر، سعودی ایوی ایشن کے نمائندے، سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے چیئرمین، سعودی ایئرلائن کے صدر، سعودی ٹوریزم اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹیو، سیکریٹری عمرہ، سیکریٹری حج، سیکریٹری انٹرنیشنل تعاون وزارت حج، ضیوف الرحمن پروگرام کے چیف ایگزیکٹیو، سعودی مرکزی بینک کے ڈائریکٹر برائے انسداد منی لانڈرنگ و ٹیرر فنانسنگ بھی وفد میں شامل ہیں۔

نگران وزیراعظم کی سعودی عرب کے وزیر سے ملاقات

اس سے قبل نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے 21 اگست کو سعودی عرب کے حج و عمرہ کے وزیر ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ سے ملاقات کی تھی اور حج سیزن کے دوران پاکستانی عازمین کے لیے بہترین انتظامات کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا تھا کہ سعودی عرب پاکستانی حج اور عمرہ زائرین سے خصوصی سلوک جاری رکھے گا۔

نگران وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کیا تھا اور سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ مثبت تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کا قابل اعتماد شراکت دار رہے گا۔

سعودی وزیر نے ان کی اور ان کے وفد کے ارکان کی پرتپاک مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی عرب پاکستانی عازمین حج کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button