
حکومتِ پاکستان جنت البقیع کی فوری تعمیر کیلئے سعودی حکومت پر زور دے، اصغریہ اسٹوڈنٹس
شیعہ نیوز: اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر حسن علی سجادی کا کہنا ہے کہ 8 شوال 1349 ہجری تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے، جب قدیم اسلامی قبرستان جنت البقیع، جس میں اہلبیت اطہار علیہم السلام، ازواج رسولؐ اور صحابہؓ کرام مدفون ہیں، اس کو بغض و تعصب کی بنیاد پر آل سعود نے مسمار کر دیا۔ یوم انہدام جنت البقیع کی مناسبت سے اپنے بیان میں حسن علی نے کہا کہ آئمہ اطہار علیھم السلام پر ان کی زندگی میں ہی ظلم و ستم کی انتہاء کے واقعات سے تاریخ بھری پڑی ہے، لیکن ستم ظریفی یہ کہ شہید ہو جانے کے بعد بھی ان پر ظلم و ستم آج تک جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنت البقیع کو مسمار کرنے کا اقدام آل سعود کی جانب سے امت مسلمہ کے دل پر کاری ضرب ہے، آل سعود نے ہمیشہ صیہونیت اور تکفیریت کا ساتھ اور فوقیت دی ہے، جو اسلام کو کمزور کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہدام جنت البقیع کے بعد وہابی آل سعود روضہ مبارک رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو بھی منہدم کرنے کیلئے بڑھے، لیکن پوری اسلامی دنیا میں ان کے خلاف غم و غصے کی لہر ان کے ناپاک منصوبے کو عملی جامہ نہ پہنا سکی، اگر امت مسلمہ میں اس وقت تحرک نہ آتا اور یک زباں ہو کر تکفیریت کے خلاف نہ اٹھتی، تو خدا نخواستہ تکفیریت اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب ہو جاتی۔
حسن علی سجادی نے کہا کہ امت مسلمہ پر واجب ہے کہ ہر پُرامن طریقے سے جنت البقیع کو دوبارہ تعمیر کرنے کا مطالبہ کریں، اس سلسلہ میں جلسے، جلوس اور مجالس منعقد کریں، سب سے مہم ہے کہ اہل علم و فکر عوام میں شعور پیدا کریں اور استعماری قوتوں کے ناپاک عزائم سے عوام کو آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان حکمرانوں بلخصوص حکومتِ پاکستان سے مطالبہ ہے کہ جنت البقیع کی فوری تعمیر کیلئے باہم متحد ہو کر سعودی حکومت پر زور دیا جائے۔