حکومت عزاداری کیخلاف سازشوں سے باز رہے، علامہ شبیر میثیمی
شیعہ نیوز:شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کی سربراہی میں مرکزی وفد نے فیصل آباد علی مسجد میں علماء اور زعمائے قوم سے ملاقات کی۔ وفد میں مرکزی نائب صدر علامہ مظہر عباس علوی، مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ ناظر عباس تقوی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ شامل تھے۔ وفد کا استقبال ایس یو سی پاکستان صوبہ وسطی پنجاب کے آرگنائزر علامہ سید حسین عسکری نقوی، علامہ نصرت حسین، علامہ اعجاز حسین مہدی اور دیگر زعمائے قوم اور اکابرین ملت نے کیا۔ اس موقع پر تنظیمی احباب نے مرکزی وفد کو تنظیمی صورتحال پر بریف کیا اور علاقائی صورتحال سے متعلق جائزہ پیش کیا۔
بعدازاں اپنے خطابات میں علامہ شبیر حسن میثمی، علامہ مظہر عباس علوی، علامہ ناظر عباس تقوی، زاہد علی آخونزادہ سمیت دیگر مقررین نے قومی پلیٹ فارم کو علامہ ساجد علی نقوی کی ہدایت کی روشنی میں مضبوط اور منظم بنانے پر زور دیا اور تنظیمی احباب سے جلد تنظیم کو گراس روٹ لیول تک منظم کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا عزاداری سید الشہداء کیخلاف اپنے ناپاک عزائم سے باز رہے، فیصل آباد سمیت پنجاب اور ملک کے دیگر حصوں میں عزاداری پر کاٹی گئی ایف آئی آرز کو فوری واپس لے۔ انہوں نے عوام سے عزاداری سید الشہداء کیخلاف ہر سازش سے متحد ہو کر نبردآزما ہونے کی اُمید ظاہر کی۔