
اسلام آباد میں کالعدم گروہ کیجانب سے تکفیر پر حکومتی خاموشی سوالیہ نشان ہے، سلمان رضا
شیعہ نیوز: امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان سید سلمان رضا نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں کھلے عام شیعہ مسلمانوں کی تکفیر اور پارہ چنار کی مسافر بسوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی کارروائی تشویش ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم لشکروں کے جلسوں میں اسلحہ کی نمائش اور پارہ چنار میں بدلہ لینے کی دھمکیوں کے بعد افسوسناک واقعات پر ریاست کی خاموشی بھی لمحہ فکریہ ہے۔ سید سلمان رضا کا مزید کہنا تھا کہ خیبر میڈیکل کالج کی طالبہ ڈاکٹر رقیہ بنتِ نجف علی سمیت 4 مومنین کی شیعہ شناخت پر شہادت پر ہم قاتلوں کی گرفتاری اور سہولت کاروں کو فوری طور پر بے نقاب کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حیرت ہے کہ ملک کے دارالحکومت میں سرعام اسلحہ کی نمائش کی جاتی ہے، ملک کے ایک بڑے مکتب فکر کی توہین کی جاتی ہے، اس کے باوجود انتظامیہ اور حکومت کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی پوزیشن واضح کرے کہ وہ عوام کیساتھ ہے، یا کالعدم دہشتگرد گروہ کی سرپرست ہے؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد میں شیعہ مسلمانوں کی تکفیر کرنیوالے کالعدم گروہ کے سرغنہ سمیت دیگر تکفیروں کیخلاف مقدمات درج کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ایک بار پھر فرقہ واریت کی آگ میں دھکیلنے کی سازش کی جا رہی ہے، امریکی و اسرائیلی ایجنٹ ایک بار پھر اپنی بلوں سے باہر نکل آئے ہیں، ان کا محاسبہ نہ کیا گیا تو ملک کے حالات خراب ہوسکتے ہیں۔