
گورنر جی بی کا علی کاظم خواجہ اور سید جان علی مرحوم کو صدارتی ایوارڈ کیلئے نامزد کرنے کا اعلان
سید مہدی شاہ نے کہا کہ جامشورو واقعے کی تحقیقات ہو رہی ہیں، ذمہ داروں کا جلد تعین ہو گا، اس سلسلے میں ہم اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، میں یکم اپریل کو کراچی جا رہا ہوں، مقامی صحافی کو ساتھ لے جا کر جائے حادثہ کا معائنہ کروں گا تاکہ حقائق کو سامنے لایا جا سکے
شیعہ نیوز: گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے حال ہی میں روڈ حادثے میں وفات پانے والے نامور ثناخواں علی کاظم خواجہ اور سید جان علی شاہ کو صدارتی ایورڈ کیلئے نامزد کرنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے سکردو میں امام بارگاہ رگیول میں علی کاظم خواجہ کے لواحقین اور عمائدین علاقہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ علی کاظم خواجہ کی موت سے پوری قوم سوگوار ہے۔
انہوں نے موقع پر کمشنر بلتستان ڈویژن کمال خان اور ڈپٹی کمشنر سکردو عارف حسین کو ہدایت دی کہ وہ علی کاظم خواجہ اور سید جان علی شاہ کو صدارتی ایوارڈ کیلئے نامزد کریں اور یہ ممکن بنایا جائے کہ علی کاظم خواجہ اور سید جان علی شاہ کو رواں سال 14 اگست پر صدارتی ایوارڈ کسی بھی صورت میں ملے۔
یہ بھی پڑھیں: شہید ڈاکٹر محمد علی نقویؒ ایک فکر، ایک مشن، اور ایک نظریہ تھے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس
سید مہدی شاہ نے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی کاظم خواجہ کے گھر تک سڑک کو رواں سال ہی میٹل کیا جائے گا، سڑک کی میٹلنگ کیلئے سی ایم بلاک ایلوکیشن سے فنڈ مختص کیا جائے گا، سید مہدی شاہ نے کہا کہ جامشورو واقعے کی تحقیقات ہو رہی ہیں، ذمہ داروں کا جلد تعین ہو گا، اس سلسلے میں ہم اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، میں یکم اپریل کو کراچی جا رہا ہوں، مقامی صحافی کو ساتھ لے جا کر جائے حادثہ کا معائنہ کروں گا تاکہ حقائق کو سامنے لایا جا سکے۔