گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا شہید صدر رئیسی کی یاد میں تعزیتی اجتماع کا اعلان
شیعہ نیوز: شہید ایرانی صدر آیت اللہ ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی و شہید رفقاء کی یاد میں شہر کراچی کے اسکاؤٹ آڈیٹوریم میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا، جعفریہ الائنس پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ تعزیتی ریفرنس میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ، ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان، ڈائریکٹر خانہ فرہنگ ایران کراچی ڈاکٹر سعید طالبی نیا، رشین فیڈریشن کے کراچی میں ڈپٹی قونصل جنرل، علامہ سید رضی جعفر نقوی، سید شبر رضا ایڈووکیٹ، پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء فردوس شمیم نقوی، معروف صحافی و تجزیہ کار نذیر لغاری، معروف کالم نگار نصرت مرزا، جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، چھیپا ویلفیئر ایسوسی ایشن کے بانی سربراہ رمضان چھیپا، سندھ بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اختر میر، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مرزا علی اظہر و دیگر نے ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی و شہید رفقاء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ تعزیتی ریفرنس میں کثیر تعداد میں سیاسی، مذہبی، سماجی رہنماؤں سمیت ہندو، سکھ، مسیحی برادری کے قائدین، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے بھی شرکت کی۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی کرنے والے اسرائیل کے خلاف توانا آواز اٹھانے والے شہید ابراہیم رئیسی عالم اسلام کے ہیرو ہیں، شہید ابراہیم رئیسی و انکے رفقاء کی یاد میں گورنر ہاؤس میں جلد تعزیتی اجتماع کا انعقاد کیا جائے گا، وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں شہید صدر رئیسی نے جس طرح پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کیا، عالم اسلام کیلئے اپنے جذبات کا اظہار کیا، مرد آہن، مرد مومن کی طرح انہوں نے اسلام دشمن طاقتوں کو للکارا، اسے کبھی بھلایا نہیں جا سکتا، کراچی میں شہید صدر رئیسی کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دینا خود میرے لئے اعزاز کی بات تھی، صدر رئیسی پاکستانی معیشت کی ترقی کیلئے ہرممکن کردار ادا کرنا چاہتے تھے، ہم پاک ایران دوستی و تجارت کو ضرور پروان چڑھائیں گے، ان شاء اللہ عنقریب مشہد جا کر حضرت امام رضاؑ کے روضے پر حاضری اور وہاں شہید ابراہیم رئیسی کی قبر پر فاتحہ کروں گا، ہم اس سانحہ پر ایرانی قوم کو تعزیت پہش کرتے ہیں اور انکے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ شہید آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور انکے رفقاء کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس میں تمام مسالک و مذاہب کے نمائندوں کی بھرپور شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پوری پاکستانی قوم شہید صدر رئیسی سے محبت کرتی ہے، شہید ابراہیم رئیسی کی شہادت نے پورے عالم اسلام کو سوگوار کر دیا ہے، شہید رئیسی فقط ایران کے لیڈر نہیں تھے، بلکہ پوری مسلم امہ انہیں اپنا رہبر مانتی تھی، جس طرح انہوں دلیری کے ساتھ اسرائیل کو للکارا اور اسکا منہ توڑ جواب دیا، اس پر پوری مسلم امہ انہیں ہمیشہ یاد رکھے گی، پاکستانی قوم دکھ کی اس گھڑی میں اپنے ایرانی بھائی بہنوں ساتھ ہیں۔
ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان نے کہا کہ ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کی رفقاء سمیت شہادت کے بعد برادر پڑوسی اسلامی ملک پاکستان کی حکومت اور عوام غم و مشکل کی اس گھڑی میں ایران اور ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، اس پر انکا پُرخلوص شکریہ ادا کرتے ہیں اور اس جذبے کو سراہتے ہیں، یقیناً صدر ابراہیم رئیسی اور انکے رفقاء کی شہادت ناصرف ایران بلکہ پورے عالم اسلام کیلئے عظیم نقصان ہے، یہ عظیم شہداء مسئلہ فلسطین سمیت تمام عالم اسلام کے مسائل کے حل اور انکی سربلندی و استقلال کیلئے مسلسل جدوجہد کرتے رہے، ان شاء اللہ 28 جون کو صدارتی الیکشن میں عوامی ووٹوں سے منتخب ہونے والے نئے ایرانی صدر شہید صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی کے مشن و راہ کی پیروی کرینگے۔
ڈائریکٹر خانہ فرہنگ ایران کراچی ڈاکٹر سعید طالبی نیا نے کہا کہ امام خمینیؒ کے مطابق شہادت رکھنے والی ملت کبھی اسیر نہیں ہو سکتی، انقلاب اسلامی ایک ثقافتی انقلاب تھا جس نے دنیا بھر کے طاغوتوں پر لرزا طاری کر دیا، راہ شہداء جاری رہے گی، ظالم و جابر نیست و نابود ہونگے، ہمیں افتخار ہے کہ ملت ایران کے ساتھ ملت پاکستان کے دل بھی غمگین ہیں، شہید ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کے اہل خانہ نے مختلف ذرائع سے ہمیں پیغام بھیجا ہے کہ ہم انکی جانب سے ملت شریف پاکستان کو سلام اور شکریہ ادا کریں، ظالم و جنایتکار صہونی اسرائیل جان لے کہ اس کے ہنسنے مسکرانے کے دن ختم ہونے جا رہے ہیں، تمہارا زوال انتہائی قریب ہے، یہ تمام مظلومین جہان کیلئے خوشی کی نوید ہے۔
رشین فیڈریشن کے کراچی میں ڈپٹی قونصل جنرل نے کہا کہ ایران روس کا بہترین دوست ملک ہے اور ہمیشہ رہے گا، اس سانحہ پر روس ایران کے غم میں برابر کا شریک ہے۔ علامہ سید رضی جعفر نقوی نے کہا کہ شہید آیت اللہ ابراہیم رئیسی نے جواں مرد کی طرح ہمیشہ باطل قوتوں کو للکارا، وہ عالم اسلام کے ہیرو تھے، وہ ایسے بلند مرتبہ مجاہد، دانشمند و رہنما تھے، جن کے دل میں پوری امت مسلمہ کا درد تھا، امت مسلمہ کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کیلئے انہوں نے جدوجہد کی، فلسطین کی حمایت اور اسرائیل کی مخالفت میں سب سے توانا آواز شہید ابراہیم رئیسی کی تھی، ان شاء اللہ ملت ایران ایسے نئے صدر کو منتخب کریگی کہ جو اسی جذبے، بیداری و اخلاص کے ساتھ باطل کو للکار سکے۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ ہم ایران کو شہید صدر رئیسی جیسے عظیم شخص کی شہادت پر تعزیت و شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، انکی شہادت ناقابل تلافی نقصان ہے۔ معروف صحافی و تجزیہ کار نذیر لغاری نے کہا کہ صدر ابراہیم رئیسی نے شہادت سے قبل پاکستان میں ایرانی سفیر اور تمام قونصل جنرلز کو کہا تھا کہ ہم نے پاکستان کے ساتھ نئے دور و عہد کا آغاز کرنا ہے، پاکستان اور ایران بہترین پڑوسی ممالک کے طور پر دنیا میں ساتھ آگے بڑھیں گے، ہمیں بطور پاکستانی اس بات پر فخر ہے۔ معروف کالم نگار نصرت مرزا نے کہا کہ شہید ابراہیم رئیسی مرد مومن تھے، ایسا محسوس ہوتا تھا کہ وہ عالم اسلام کے نشاۃ ثانیہ کے خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچا دینگے، وہ صرف ایرانی صدر نہیں بلکہ عالم اسلام کے محبوب تھے، انکی شہادت پر عالم اسلام غم میں ڈوبا ہوا ہے، اللہ سے دعا ہے کہ صدر رئیسی کا پیغام اور خواب کسی نہ کسی کے ذریعے ضرور پورا ہو۔
جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ شہید صدر رئیسی جیسی شخصیت کے ذکر سے روشنی پھیلتی ہے، شعور، آگہی، فکر کی شمعیں روشن ہوتی ہیں، شہید صدر رئیسی کی شہادت سے عالم اسلام یتیم ہوگیا ہے، وہ اسرائیل کو للکارنے والی دبنگ و جرأتمند آواز تھی، جب ہر طرف خاموشی اور سکتہ طاری تھا، تو اس وقت صدر رئیسی کی آواز عالم اسلام کے زخموں پر مرہم رکھ رہی تھی اور باطل کو للکار رہی تھی، امام خامنہ ای کی قیادت میں ایران کا بیمثال نظام جاری رہے گا، شکست امریکا، اسرائیل اور انکے یاروں کا مقدر ہوگی۔ چھیپا ویلفیئر ایسوسی ایشن کے بانی سربراہ رمضان چھیپا نے کہا کہ ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کی شہادت پاکستان سمیت امت مسلمہ کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے، اس کا خلاء کبھی پورا نہیں ہو سکے گا۔ سندھ بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اختر میر نے کہا کہ شہید صدر رئیسی مرد آہن تھے، پاکستانی اسکاؤٹس برادری کی جانب سے انکی شہادت ہر ایرانی قوم کو تعزیت پیش کرتے ہیں اور افسوس و دکھ کا اظہار کرتے ہیں۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مرزا علی اظہر نے کہا کہ شہید آیت اللہ رئیسی نے دورہ پاکستان میں واضح پیغام دیا کہ عالم اسلام یکجہتی کا مظاہرہ کرے کہ ہم ایک اللہ، ایک رسولؐ اور ایک قرآن کو ماننے متحد قوم ہیں۔ تعزیتی ریفرنس میں معروف منقبت و نوحہ خواں سید شادمان رضا نے شہید ڈاکٹر ابراہیم رئیسی و رفقاء کو منظوم خراج عقیدت پیش کیا، جبکہ نظامت کے فرائض آغا شیرازی نے انجام دیئے۔ تعزیتی ریفرنس میں شہید ایرانی صدر آیت اللہ ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی و شہید رفقاء کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ آخر میں رہنما جعفریہ الائنس شبر رضا ایڈووکیٹ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔