حکومت پاکستان سوئیڈن کے سفیر کو فوری ملک بدر کریں، آئی ایس او
شیعہ نیوز:امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے 10محرم الحرام روزِ عاشورہ کو دورانِ مرکزی جلوس باجماعت نمازِ ظہرین کا اہتمام تبت سینٹر پہ کیا گیا۔ نمازِ ظہرین حجتہ السلام والمسلمین مولانا ناظر عباس تقوی کی اقتداء میں ادا کی گئی۔ بعد از نمازِ ظہرین برادر محمد رضا نے عزادارانِ امام حسینؑ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نام امام حسینؑ آج بھی مظلومین جہاں کے لیئے تسکین قلب کی مانند ہے، کربلا کے میدان میں گونجنے والی صدائے نصرت ہر دورکے یزیدیوں کے لیے للکار کے مترادف ہے، مظلومین جہاں آج بھی یزید وقت سے مختلف محاذوں پر آج کے دور کے یزیدیوں سے برسرِ پیکار ہیں، واقعہ کربلا در حقیقت اسلام و انسانیت کی بقا کا ضامن ہے، انسانیت کا شعور بلندی کو جیسے ہی چھوتا ہے کربلا ان کے لیے مشعلِ راہ بن جاتی ہے کیونکہ کربلا کا درس فقط مسلمانوں کے لیے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے نمونہ عمل ہے، انہونے سوئیڈن میں سرکاری سرپرستی میں قرآن پاک کی بےحرمتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ توہینِ قرآن کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے،حکومت پاکستان غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سوئیڈن کے سفیر کو فوری طور پر ملک بدر کرے اور اپنا سخت احتجاجی رد عمل دے کر یہ بتائے کہ ہمیں توہینِ قرآن کسی صورت قابل برداشت نہیں،بعد از نماز شرکاء جلوس نے سوئیڈن میں ہونے والے توہین قرآن کے دلخراش واقعے کیخلاف علامتی احتجاج منعقد کیا گیا جس میں شرکاء نے قرآن کریم کے جز اٹھائے ہوئے تھے بعد از احتجاج امریکہ اسرائیل اور سوئیڈن کا پرچم بھی نظر آتش کیا گیا۔