اسلامی تحریکیںپاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

وفاقی و صوبائی حکومتیں عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سربراہ شیعہ علماءکونسل پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا برفباری اور بارش کے باعث ہونیوالے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس، وفاقی و صوبائی حکومتیں عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کےلئے مزید اقدامات کریں، قدرتی آفات سے نمٹنے والے اداروں کو مزید فعال اور متحرک کیا جائے، قدرتی آفات ہر سال آتی ہیں جنہیں روکنا ممکن نہیں البتہ عوامی تحفظ کےلئے پیشگی اور موثر حکمت عملی سے نقصانات کو ضرور کم کیا جاسکتاہے، ایل او سی سمیت سرحدی صورتحال پر بھی تشویش، پاکستان اپنی سفارتی کوششوں کے ساتھ دیگر اقدامات بھی اٹھائے، ملکی دفاع کےلئے پوری قوم متحد اور مسلح افواج کےساتھ ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حالیہ بارشوں، برفباری سمیت قدرتی آفات سے ہونیوالے جانی و مالی نقصان پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ قدرتی آفات کو روکنا ممکن نہیں ،ہر سال سیلاب، بارشوں ، برفباری اور زلزلوں سمیت دیگر صورتوں میں آنا ایک قدرتی عمل ہے جن میں بعض آفات کی پیشگوئی ممکن نہیں البتہ بارشوںیا دیگر آفات سے نمٹنے کےلئے پیشگی اور موثر حکمت عملی سے نقصان کو نہ صرف کافی حد تک کم کیا جاسکتاہے بلکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ بھی یقینی بنایا جاسکتاہے۔

انہوں نے کہاکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل سمیت صوبائی محکمے اسی مقصد کےلئے قائم کئے گئے جنہیں مزید فعال اور متحرک کرنے کی ضرورت ہے، محکمہ موسمیات، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ سمیت ضلعی سطح تک کوآرڈینیشن کے میکنزم کی ضرورت ہے اور ہر علاقے کے مخیر و سماجی شخصیات کے ساتھ بھی اس سلسلے میں رابطہ کاری کو موثر بنایا جائے، اگر قدرتی آفات سے قبل پیشگی اقدامات کئے جائیں تو ہر سال قیمتی انسانی جانوں کے ساتھ انفراسٹکچر کو بھی بڑے نقصان سے بچایا جاسکتاہے۔ انہوں نے نشیبی علاقوں سمیت متاثرہ علاقوں میں رضا کاروں کے ساتھ مخیر حضرات کو متوجہ کیا کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کےلئے اقدامات اٹھائیں اور عوام کو مشکل حالات سے نکالنے کےلئے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے قدرتی آفات سے متاثرہ خاندانوں سے بھی دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مشکلات کے خاتمے اور صحت و سلامتی کےلئے خصوصی دعا کی۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے ایل او سی پر بھارتی بلااشتعال فائرنگ سمیت بھارتی سیاسی و عسکری قیادت کی جانب سے دھمکیوں پر اپنے رد عمل میں کہاکہ پاکستان ایٹمی اور دفاعی طور پر مضبوط ملک ہے، بھارتی قیادت پاکستان کو دھمکانے کی بجائے اپنی داخلی صورتحال پرغور کرے۔ انہوںنے کہاکہ دفاع وطن اور بیرونی جارحیت سے نمٹنے کےلئے قوم متحد اور مسلح افواج کےساتھ کھڑی ہے۔ حکومت سرحدی صورتحال پر سفارتی کوششوں کے ساتھ دیگر اقدامات بھی اٹھائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button