حافظ نعیم الرحمن کی وفد کے ہمراہ علامہ باقر عباس زیدی سے وحدت ہاوس میں ملاقات
شیعہ نیوز:جماعت اسلامی کے رہنما حافظ نعیم الرحمن نے،مسلم پرویز اور برجیس احمد کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی سے وحدت ہاوس میں ملاقات کی۔ علامہ صادق جعفری، علی حسین نقوی,علامہ مبشر حسن اور میر تقی ظفر بھی ملاقات میں شریک تھے۔ رہنماؤں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور شہر قائد کے انتظامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں جماعتوں کے قائدین نے مشترکہ میڈیا ٹاک میں کراچی کی حالت زار پر تشویش کا بھی اظہار کیا۔حافظ نعیم الرحمٰن نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ جماعت اسلامی نے 28 مارچ کو ”حقوق دو کراچی ریلی” منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔کراچی شہر مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے جنہیں حل کرنے میں کوئی جماعت دلچپسی نہیں لے رہی۔مجلس وحدت مسلمین کے پاس آنے کا مقصد مذکورہ مسائل کے حل کے لیے تعاون کا حصول ہے۔دونوں جماعتوں کی مشترکہ حکمت عملی عوام کے مسائل کے حل کے لیے نتیجہ خیز ثابت ہو سکتی ہے۔ کراچی شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے مختص کیا جانے والا گیارہ سو ارب کا پیکج ہوا میں تحلیل ہوگیا ہے۔ہم عوام کے ساتھ مل کر اس کا حساب لیں گے۔علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ شہر اس وقت لاوارث نظر آرہا ہے اور کوئی ذمہ داری نہیں لے رہا ہم کراچی کے تمام مسائل پر جماعت اسلامی کے ساتھ کھڑے ہیں۔شہر کی عوام کو مزید بہتر طریقے سے آگاہی دی جائے۔عوام سے اپیل ہے کہ کراچی کے مسائل پر ہر شخص انفرادی طور پر بات کرے۔انہوں نے کہامیگا سٹی کراچی میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔گزشتہ چالیس سالوں میں ٹرانسپورٹ کا نظام درھم برہم ہوگیا ہے۔ 3.5 کڑور سے زیادہ آبادی والے شہر میں اب تک عوام کو پانی کے بحران کا سامنا ہے۔نہ کوئی نظام ہے جس کے زریعے شہر میں پانی کی مکمل ترسیل کی جائے۔دریں اثناء حافظ نعیم الرحمٰن نے علامہ باقر عباس زیدی کو حقوق دو کراچی ریلی کا دعوت نامہ دیا۔مجلس وحدت مسلمین رہنماوں کی جانب سے شرکت کی یقین دہانی کرائی۔