
حافظ طاہر اشرفی کی شیعہ علمائے کرام سے ملاقات، رہنماؤں کا عزاداروں پر بلاجواز مقدمات کی مذمت
شیعہ علماء و عمائدین کے وفد نے کہا کہ اس سال پولیس نے محرم الحرام کے دوران چادرو چاردیواری کا تقدس پامال کیا ہے
شیعہ نیوز : چیئرمین پاکستان علما کونسل و صدر قومی یکجہتی کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ملتان میں شیعہ علمائے کرام، عمائدین اور ممبران امن کمیٹی سے سرکٹ ہائوس ملتان میں ملاقات کی، ملاقات میں مجلس علمائے مکتب اہلیبیت جنوبی پنجاب کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا سید طاہر عباس نقوی، مولانا ڈاکٹر کاظم علی نقوی، مولانا ہادی حسین قمی، مولانا سید مجاہد عباس گردیزی، ممبران امن کمیٹی انجینئر سخاوت علی سیال، خاور شفقت بھٹہ، مخدوم ظہور حسین شمسی اور دیگر موجود تھے۔
شیعہ علماء و عمائدین کے وفد نے کہا کہ اس سال پولیس نے محرم الحرام کے دوران چادرو چاردیواری کا تقدس پامال کیا ہے، چاردیواری کے اندر مجالس عزا کے انعقاد پر نہ صرف مرد بلکہ خواتین پر مقدمات درج کیے گئے ہم پولیس اور انتظامیہ کے اس رویے پر اپنا احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے اس معاملے پر اعلیٰ حکام سے بات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔