حماس نے مذاکرات میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کردیا
شیعہ نیوز: حماس نے رفح میں فلسطین کے مہاجرین کے کیمپ پر صیہونی حکومت کے حملوں کے بعد پیر کو اعلان کردیا کہ کسی بھی قسم کے مذاکرات میں شرکت نہیں کرے گی۔
رپورٹ کے مطابق حماس نے اعلان کیا ہے کہ شہر رفح میں مہاجرین کے کیمپ پر صیہونی حکومت کے حالیہ حملے کے بعد اس نے کسی بھی قسم کے مذاکرات میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صیہونی حکومت کی فوج نے اتوار اور پیر کی درمیانی رات، نصف شب کے وقت جنوبی غزہ کے شہر رفح میں مہاجرین کے کیمپ پر بمباری کردی جس میں عورتوں اور بچوں سمیت 41 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں : حزب اللہ کے سربراہوں کی بیٹیوں نے شہید صدر کے اہل خانہ سے ملاقات کی
حماس اور جہاد اسلامی فلسطین نے الگ الگ بیانات جاری کرکے اس وحشیانہ حملے کو رفح پر حملے فوری طور پر روکنے پر مبنی بین الاقوامی عدالت انصاف کے حکم سے بے اعتنائی قرار دیا اور اس کے لئے امریکی حکومت بالخصوص صدر جو بائیڈن کو جواب دہ قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ بین الاقوامی عدالت انصاف نے جمعے کو رفح پر حملے فوری طور پر بند کرنے اور غزہ تک انسان دوستانہ امداد پہنچانے کے لئے رفح پاس کھولنے کا حکم صادر کیا تھا۔
ایران، قطر، سعودی عرب، اردن، مصر، عمان اور کویت سمیت مختلف عرب ملکوں نے رفح میں فلسطینی مہاجرین کے کیمپ پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کی مذمت کی ہے۔