حماس نے غزہ کے ہسپتالوں کے معائنہ کیلئے بین الاقوامی کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ کردیا
شیعہ نیوز: فلسطین کی مقاومتی تحریک "حماس” کے رہنماء "خلیل الحیہ” نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کیا کہ غزہ میں ہستالوں کو معائنہ کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے تا کہ صیہونی جھوٹ کا پردہ فاش ہو۔ حماس کی پولیٹیکل کمیٹی کے رکن نے کہا کہ صیہونی رژیم اپنے جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے غزہ میں فلسطینیوں کے قتلِ عام کو جاری رکھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل، غزہ کے باشندوں کو اپنی سرزمین ترک کرنے پر مجبور کر رہا ہے جس میں غاصب رژیم کو ناکامی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی رژیم مقاومت سے شکست کھانے کی بنا پر نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔
خلیل الحیہ نے اس امر کی وضاحت کی غزہ کے ہسپتال اور مہاجر کیمپ دنیا کے میڈیا کے لئے کُھلے ہوئے ہیں تا کہ وہ اپنی آنکھوں سے اسرائیل کے جھوٹ کا مشاہدہ کر سکیں۔ غاصب حکومت کسی بڑے جرم کی انجام دہی کے لئے جھوٹا بیانیہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل اپنے تمام جرائم امریکی حکومت کی آشیر باد سے انجام دے رہا ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ غزہ کے ہسپتالوں کے نیچے حماس کی سرنگیں ہیں۔ جس پر حماس کی جانب سے شدید ردعمل آیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے خلیل الحیہ کا مذکورہ بالا مطالبہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔