حماس انتخابات کے لیے تیار ہے، عوامی رائے کا احترام کریں گے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ ان کی جماعت فلسطین میں جامع انتخابات کے انعقاد کے لیے تیار ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ ان کی جماعت فلسطین میں پارلیمانی، صدارتی اور نیشنل کونسل کے انتخابات کے لیے تیار ہے۔
اسماعیل ھنیہ نے فلسطینی الیکشن کمیشن کے چیئرمین حنا ناصر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت فلسطین میں انتخابات کے لیے تیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حماس دوسری فلسطینی جماعتوں کے ساتھ مل کرآئندہ کا لائحہ عمل تیار کرنے بات چیت کررہی ہے۔ اس موقع پر غزہ میں دیگر فلسطینی جماعتوں کی قیادت بھی موجود تھی۔
قبل ازیں حماس کے غزہ کی پٹی کے صدر یحییٰ السنوار نے کہا تھا کہ ان کی جماعت انتخابات میں حصہ لینے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حماس ایک سیاسی اور جمہوری جماعت ہے جو آئین اور پارلیمنٹ پریقین رکھتی ہے۔
فلسطین میں حماس تمام دھڑوں کو ساتھ لے کرچلنا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حماس فلسطین میں انتخابات کے ذریعے عوامی فیصلے اور رائے عامہ کا احترام کرے گی۔
خیال رہے کہ حال ہی میں فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے فلسطین میں انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا تھا تاہم انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
فلسطینی تنظیم اسلامی جہاد نے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ سمجھتی ہے کہ انتخابات فلسطینی قوم کے داخلی بحران کا حل نہیں۔