حماس کا مکمل جنگ بندی تک اسرائیلی قیدیوں کے تبادلے سے صاف انکار
شیعہ نیوز: حماس کی جانب سے غزہ میں مکمل جنگ بندی تک اسرائیل کے ساتھ قیدیوں کا تبادلہ نہ کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ بیروت میں پریس کانفرنس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے حماس کے رہنماء نے کہا کہ جب تک اسرائیل جنگ بندی کا اعلان نہیں کرتا، اس وقت تک اس کے ساتھ قیدیوں کا کوئی تبادلہ نہیں ہوگا، قاہرہ میں دو دن سے جاری مذاکرات میں غزہ کی پٹی میں مکمل جنگ بندی کی شرائط رکھی ہے۔ حماس کے رہنماء اسامہ حمدان نے مزید کہا ہے کہ ہماری شرائط واضح ہیں، ہم مکمل اسرائیلی انخلاء، بے گھر ہونے والوں کی اپنے علاقوں میں واپسی اور بڑی مقدار میں امداد کی فراہمی چاہتے ہیں، اسرائیل اب بھی تاخیری چالوں اور طریقوں پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ کے لوگوں کے قتل عام اور بھوک پیاس سے مارنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور بھوک کو دباؤ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، اسرائیل جنگ میں جو کچھ حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے، وہ مذاکرات کی میز پر حاصل کرنا چاہتا ہے۔ اسامہ حمدان نے مزید کہا ہے کہ ہمارے لوگوں کی سلامتی اور ایک مستقل جنگ بندی کے علاوہ اسرائیل اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکے گا، ہم نے مذاکرات میں جو لچک دکھائی وہ نظر آرہی ہے، حماس ہر طرح کی جدوجہد کو جاری رکھنے کیلئے مکمل تیار اور پر عزم ہے۔