اسلامی تحریکیں

حماس کا فرانس کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے اعلان کا خیر مقدم

شیعہ نیوز: اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے جمعہ کی شب فرانس کے صدر عمانویل میکروں کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے اعلان کا پرتپاک خیر مقدم کیا ہے۔

بیان میں حماس نے اس اقدام کو ایک مثبت اور درست سمت میں پیش رفت قرار دیا ہے، جو مظلوم فلسطینی قوم کے ساتھ انصاف کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ یہ اعلان فلسطینی عوام کے اس جائز حق کی حمایت ہے جس کے تحت وہ اپنے مستقبل کا خود تعین کرنے اور ایک آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست قائم کرنے کا اختیار رکھتے ہیں، جس کا دارالحکومت القدس ہو۔

یہ بھی پڑھیں : فرانس ستمبر میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے گا، فرانسیسی صدر کا اعلان

حماس نے زور دیا کہ فرانس کا یہ مؤقف نہ صرف ایک اہم سیاسی پیش رفت ہے بلکہ اس سے بین الاقوامی سطح پر فلسطینی کاز سے وابستہ شعور میں اضافہ اور قابض اسرائیل کی جھوٹی داستانوں کی ناکامی کا بھی اظہار ہوتا ہے، جو عرصے سے سچ کو چھپانے اور دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتا آیا ہے۔

حماس نے تمام ممالک بالخصوص یورپی ریاستوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی فرانس کے نقش قدم پر چلتے ہوئے فلسطینی ریاست کو تسلیم کریں اور فلسطینی عوام کے ان ناقابل انکار حقوق کو تسلیم کریں جن میں وطن واپسی، خود ارادیت اور مکمل خودمختاری کے ساتھ آزاد فلسطینی ریاست کا قیام شامل ہے، جس کا دارالحکومت القدس ہو۔

حماس نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی سطح پر ہونے والے ایسے اعلانات اور اقدامات، قابض صہیونی دشمن پر سیاسی اور اخلاقی دباؤ ڈالتے ہیں، جو نہ صرف غزہ میں نسل کشی، جارحیت اور بھوک کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے بلکہ مغربی کنارے اور القدس میں قبضے اور یہودی بستیاں بسانے کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

فلسطینی کاز کے لیے یہ ایک اہم سنگ میل ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا کے آزاد شعور رکھنے والے عوام اور حکومتیں مظلوم فلسطینی قوم کے ساتھ کھڑی ہونے لگی ہیں، اور وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری اپنے ضمیر کی آواز پر لبیک کہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button