
حامد رضا نے چیئرمین قر آن بورڈ کے عہدے کا چارج لے لیا
شیعہ نیوز (پاکستانی خبر رساں ادار ہ )سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے چیئرمین قر آن بورڈ کے عہدے کا چارج لے لیا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ سے خصوصی ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر سید سعید الحسن شاہ نے انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں اتحاد امت کیلئے خصوصی مشاورت کی گئی۔ اس طویل ملاقات میں صاحبزادہ حسن رضا اور مفتی محمد کریم خان بھی موجود تھے۔ دونوں راہنماؤں نے فرقہ واریت پر قابو پانے سمیت اہم مذہبی و سیاسی معاملات پر گفتگو کی۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ قرآن بورڈ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گا، حکومت اور اپوزیشن میثاق جمہوریت طے کرنے کیلئے مل بیٹھے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، کورونا سے نجات کیلئے ایس او پیر پر عملدر آمد نہایت لازمی ہے۔ سید سعید الحسن شاہ نے کہا کہ فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے صاحبزادہ حامد رضا کی خدمات قابل تحسین ہیں، ملک میں فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے حکومت اپنا واضح کردار ادا کرے گی۔ ملاقات میں آئندہ کی سیاسی و مذہبی مشاورت کو معمول کا حصہ بنانے پر اتفاق کیا گیا۔