حق واپسی مارچ پر اسرائیلی فائرنگ، ایک فلسطینی شہید 56 زخمی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) فلسطین کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ کی سرحد پر حق واپسی کے عظیم مارچ کے شرکاء پر براہ راست اسرائیلی فائرنگ سے کم ازکم 56 فلسطینی شہری زخمی ہو گئے جبکہ زخمی ہونے والا ایک نوجوان اسپتال میں دم توڑ گیا۔
رپورٹ کے مطابق غزہ میں جمعے کے روز68 ویں حق واپسی مارچ کے دوران صیہونی فوجیوں نے وحشیانہ طریقے سے فائرنگ کی جس سے ایک فلسطینی شہید اور56 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ غاصب صیہونی فوجیوں نے زہریلی گیس کا بھی استعمال کیا۔
وزارت صحت نے اعلان کیا کہ حق واپسی کے عظیم مارچ کے 68 ویں جمعہ کے زخمیوں پراسرائیلی فوج نے فائرنگ کی جس کے نتیجے ایک فلسطینی نوجوان 23 سالہ احمد محمد عبداللہ القرا شدید زخمی ہوگیا۔ اسے علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتےہوئے دم توڑ گیا۔
واضح رہے کہ 30 مارچ 2018 سے غزہ کے سرحدی مظاہروں کے آغاز سے 1948 کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں اور غزہ کی پٹی کے درمیان تعینات قابض اسرائیلی فوجیوں نےدرجنوں مظاہرین کو شہید اور سینکڑوں کو زخمی کیا۔ مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 30 مارچ 2018ء کے بعد اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں 319 فلسطینی شہید اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں۔