
حشدالشعبی کا عراق میں امریکی سفارت خانہ بند کرنے کا مطالبہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) عراق کی عوامی رضاکار فورس حشدالشعبی کے ایک کمانڈر نے کہا ہے کہ بغداد کا امریکی سفارت خانہ جاسوسی کے اڈے اور عراق میں تخریب کارانہ سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کا مرکز بن گیا ہے اور اسے بند ہوجانا چاہیے۔
بغداد سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق حشد الشعبی کے سینیئر کمانڈر جواد الطلیباوی نے اپنے ایک بیان میں یہ بات زور دےکر کہی ہے کہ بغداد میں امریکی سفارت خانے کے سامنے جو کچھ ہو رہا ہے وہ امریکہ کی حالیہ جارحیت پر عراقی عوام کا فطری ردعمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج پوری عراقی قوم پر ثابت ہوگیا ہے کہ امریکہ کا سفارت خانہ ان کے خلاف جاسوسی اور تخریبی سرگرمیوں کا اڈہ بن چکا ہے۔
حزب اللہ عراق کے ترجمان محمد محیی نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی سفارت خانے کے سامنے احتجاج کا سلسلہ، جاسوسی کے اڈے کی بندش نیز امریکی سفارت کاروں اور فوجیوں کے مکمل انخلا تک جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ عراقی عوام کے سپوتوں پر وحشیانہ بمباری کے بعد عراق میں امریکی فوجیوں کی موجودگی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ ، عراق میں اپنے سفارت خانے کے ذریعے عراق میں دہشت گردی نیز خطے کے بعض دوسرے ملکوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرتا ہے۔
قبل ازیں حزب اللہ عراق کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جان لینا چاہیے کہ انہوں نے اتنی بڑی حماقت کا ارتکاب کیا ہے جو علاقے میں امریکہ اور اسکے ایجنٹوں کی بے دخلی پر منتج ہوگا۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ عراقی عوام نے بغداد میں امریکی سفارت خانے کے سامنے دھرنے کا آغاز کردیا ہے اور وہاں بڑی تعداد میں خیمے نصب کر دیئے ہیں۔
دوسری جانب امریکی وزارت جنگ پینٹاگون نے بدھ کی صبح اعلان کیا ہے کہ میرین فوجیوں کا ایک اور دستہ امریکی سفارت کاروں کی حفاظت کی غرض سے بغداد پہنچ گیا ہے۔
ہزاروں عراقیوں نے منگل کے روز امریکی جارحیت میں شہید ہونے والے رضاکار فورس کے جوانوں کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد بغداد کے گرین زون میں واقع امریکی سفارت خانے کے سامنے مظاہرے کیے تھے۔ مشتعل مظاہرین نے امریکہ مردہ باد کے نعرے لگائے، امریکی پرچم نذر آتش کیا اور اپنے ملک سے امریکی سفارت کار کو بے دخل کرنے کا مطالبہ کیا۔
اسی دوران عراقی ذرائع ابلاغ کی جاری کردہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ امریکی سفارت خانے کے سیکورٹی عملے نے مظاہرین کے خلاف آنسوگیس کے گولے داغے اور دھویں کے بم پھنکے ہیں جس کی زد میں آکر ساٹھ مظاہرین زخمی ہوگئے۔