حضرت زہرا ؑ کی زندگی کا ہر پہلو الٰہی اقدار سے عبارت تھا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن طالبات لاہور کی جانب سے منعقدہ اجلاس عمومی میں مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن طالبات کی رکن مرکزی نظارت سیدہ زہرا نقوی نے شرکت کی اور تنظیمی خواہران سے خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں سیدہ دوعالم بی بی فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی ذات بابرکت کو خواتین کیلئے رول ماڈل قرار دیتے ہوئے سیدہ زہرا نقوی کا کہنا تھا کہ خداوند عالم نے عورت کی شخصيت کو انسانی معاشرے ميں مزید اجاگرکرنےکیلئے اپنے حبيب کو ايک ايسی بيٹی عطا کی، جس کیساتھ رسول اکرم کا رہن سہن اور سيدہ کونين کی عملی زندگی ديکھ کر اسلامی اور انسانی معاشرہ ان سے درس لے اور ان کو اپنی زندگی کیلئے نمونہ عمل قرار دے۔
یہ خبر بھی پڑھیں آئی ایس او کراچی کے تحت مدافعان ولایت کانفرنس کا انعقاد
ان کا کہنا تھا حضرت فاطمہ زہرا (ع) کی زندگی کا ہر پہلو الٰہی اقدار سے عبارت تھا اور اسلامی تعليمات کا ایک مجسمہ جناب زہرا (ع) کی شکل میں خداوند متعال نے عطا کیا، جو علم و دانش، حجاب و عفت، ازدواج اور شوہر کے انتخاب، فن شوہر داری اور اولاد کی تربيت، گھريلو اقتصاد کی مدد، اسلام کیلئے عورتوں کا سياسی اور اجتماعی ميدان ميں آج کی خواتين کیلئے ایک مکمل نمونہ عمل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج معاشرے میں شعور بصیرت اور بیداری لانے کیلئے جناب سیدہ سلام اللہ علیھا کہ مبارزاتی اور جہادی پہلوؤں کو زیادہ اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگ اپنی دینی ذمہ داریوں سے لاتعلق نہ رہیں۔