پنجاب میں ہیلتھ ایمرجنسی کا نفاز، مکمل لاک کا اعلان
وزیر تحفظ ماحولیات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہریوں کو موٹر سائیکل پر ایمرجنسی کے سوا باہر نہ نکلنے اور ماسک کا استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اسموگ صحت کے بحران میں تبدیل ہو چکا ہے
شیعہ نیوز: وزیر تحفظ ماحولیات مریم اورنگزیب نے پریس بریفنگ میں اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور اور ملتان میں اسموگ سے متاثرہ اضلاع میں اسکول مزید 1 ہفتے تک بند رہیں گے، کالجز اور یونیورسٹیز میں آن لائن کلاسز ہوں گی۔
ان کا کہنا ہے کہ ریسٹورنٹ کھولنے کے لیے شام 4 بجے تک کا وقت دیا گیا ہے، ریسٹورنٹس سے کھانا لے جانے کی اجازت رات 8 بجے تک ہو گی۔
وزیر تحفظ ماحولیات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں، محکموں کو ادویات وافر کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی سالمیت کو فتنہ خوارج اور فتنہ تکفیریت سے خطرہ ہے، شیخ حسن جعفری
انہوں نے بتایا ہے کہ ملتان اور لاہور میں ہفتے سے اگلے اتوار تک تعمیرات پر پابندی عائد کر دی گئی۔
وزیر تحفظ ماحولیات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہریوں کو موٹر سائیکل پر ایمرجنسی کے سوا باہر نہ نکلنے اور ماسک کا استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اسموگ صحت کے بحران میں تبدیل ہو چکا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت اسموگ کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے، اسموگ کی روک تھام کے لیے 10 سال کی پالیسی دے دی گئی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اسموگ پر قابو پانا ایک لانگ ٹرم پراسیس ہے، بدھ تک ڈیٹا دیکھیں گے، اسموگ پر قابو پانے کے لیے 3 ماہ کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آخری دم تک لڑیں گے اور دشمن کو مسلمانوں پر مسلط ہونے کی اجازت نہیں دیں گے، جنرل سلامی
پنجاب میں اسموگ کے باعث 19 لاکھ سے زائد افراد اسپتال پہنچ گئے۔
دوسری جانب آج لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کو اسموگ کے خاتمے کے لیے 10 سال کی پالیسی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔
عدالتِ عالیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حکومت زرعی زمین پر ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنانے پر پابندی لگائے اور 10 مرلہ گھروں میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانا لازمی قرار دے۔