کراچی میں ہیٹ اسٹروک، ایم ڈبلیو ایم کا شہدائے کربلا کی یاد میں سبیلیں لگانے کا اعلان
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے پولٹیکل سیکرٹری علامہ مبشر حسن نے کہا ہے کہ شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک کے پیش نظر کراچی میں شہریوں کی سہولت کیلئے سبیل شہدائے کربلا لگائی جائیں گی، اس کے ساتھ ساتھ ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کی آگاہی مہم بھی چلائے جائے گی۔ یہ اعلان انہوں نے وحدت ہاؤس میں پولٹیکل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مبشر حسن نے کہا کہ کراچی بھر میں شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کیلئے صوبائی حکومت نے ابتک کسی بھی قسم کے عملی اقدامات نہیں اٹھائے ہیں، ہیٹ اسٹروک کے خطرے سے عملاً لاتعلقی کا اظہار سندھ حکومت کی بے حسی کا کھلا مظہر ہے، گزشتہ برسوں کے دوران بھی کراچی سمیت سندھ بھر میں ہیٹ اسٹروک کے باعث سینکڑوں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوگئیں تھیں اور گھر گھر کہرام مچ گیا تھا، اس سال بھی کراچی میں شدید گرمی پڑنے اور ہیٹ اسٹروک کی پیشنگوئیاں کی جارہی ہیں لیکن اس کے باوجود حکومت سندھ کی جانب سے انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ابتک کسی بھی قسم کے عملی اقدامات نہیں کئے گئے جو قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کا بنیادی فرض ہے کہ وہ انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر مثبت اقدامات کرے اور صوبائی سطح پر ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کی آگاہی مہم فی الفور شروع کرے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو کراچی سمیت صوبے کی عوام کا احساس ہے تو وہ کے الیکٹرک و دیگر بجلی فراہم کرنے والے اداروں کو گرمیوں میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا پابند کرے، اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک وارڈ قائم کرے، وہاں ادویات کی فراہمی یقینی بنائیں اور اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔ علامہ مبشر نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں ہیٹ اسٹروک سے انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے فی الفور ہرسطح پر ٹھوس اور عملی اقدامات کئے جائیں اور تمام متعلقہ اداروں کو فعال اور متحرک کیا جائے۔