
حزب اللہ کے سربراہ کا جنوبی لبنان کے عوام کے نام پیغام، قربانیوں پر خراج تحسین
شیعہ نیوز: حزب اللہ کے سربراہ شیخ نعیم قاسم نے ایک خصوصی بیان میں جنوبی لبنان کے عوام کو انتخابات میں شرکت اور قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے جنوبی لبنان کے عوام کے نام ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے ان کی قربانیوں اور حالیہ بلدیاتی انتخابات میں شرکت پر ان کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
یہ پیغام لبنان میں بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے سے قبل جاری کیا گیا، جس میں جنوبی اور النبطیہ کے علاقوں میں عوام کی شرکت کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خضدار واقعے پر ہم جو کہہ رہے ہیں،اُس کا ثبوت دیں گے، خواجہ آصف
پیغام میں شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ جنوبی لبنان کے عوام نے 2000ء اور 2006ء کی جنگوں میں جس دلیری اور استقامت کا مظاہرہ کیا، وہ قومی وحدت کی علامت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر لڑائی کے بعد متاثرہ علاقوں میں عوام کی فوری واپسی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ لبنان کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔
شیخ نعیم قاسم نے پیغام میں مزید کہا کہ انتخابات میں عوام کی پرجوش شرکت صرف ایک انتخابی عمل نہیں بلکہ وہی مزاحمتی راستہ ہے جس پر جنوبی لبنان کے عوام برسوں سے گامزن ہیں۔ ان انتخابات کے نتائج پورے خطے کے لیے ایک مضبوط سیاسی پیغام ہوں گے۔
انہوں نے زور دیا کہ ان انتخابات میں بھرپور شرکت لبنان میں برسوں کی جنگ اور تباہی کے بعد تعمیر نو کی سمت ایک اہم قدم ہے، اور یہ ان تمام شہداء کو خراجِ عقیدت ہے جنہوں نے ملک کی آزادی اور وقار کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
یہ پیغام ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب جنوبی لبنان اب بھی ملکی سیاسی اور سیکیورٹی حالات کا مرکزی محور ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس بیان سے واضح ہوتا ہے کہ حزب اللہ سیاسی عمل اور مزاحمتی نظریے کو ساتھ لے کر چلنے کی حکمت عملی پر قائم ہے۔