حزب اللہ کا اسرائیلی حکومت کے بحری اڈے پر زبردست ڈرون حملہ
شیعہ نیوز: لبنان کی حزب اللہ نے "راس الناقورہ” کے مقبوضہ علاقے میں اسرائیلی حکومت کے بحری اڈے کو خودکش ڈرونز سے بڑے پیمانے پر نشانہ بنایا۔
المنار ٹی وی چینل نے بتایا ہے کہ لبنان کی حزب اللہ نے مقبوضہ فلسطین کے شمال میں اسرائیلی حکومت کے ایک بحری اڈے پر بڑے پیمانے پر ڈرون حملہ کیا ہے۔
حزب اللہ کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے: غزہ کی پٹی میں ثابت قدم فلسطینی قوم اور مزاحمت کی حمایت اور جنوبی لبنان کے قصبے "دیرکیفا” پر غاصب حکومت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے حزب اللہ کے مجاہدین نے آج مقبوضہ علاقے "راس الناقورہ” میں صہیونی فوجی بیس کو خودکش ڈرون سے نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ میں جو ظلم اپنی آنکھوں سے دیکھا وہ ناقابل بیان ہے، ماریس گائیمنڈ
ڈرونز نے اپنے اہداف کو درست طریقے سے نشانہ بنایا اور وہاں موجود افراد کو خاصا جانی نقصان پہنچایا اور بیس کا ایک حصہ بھی تباہ ہوگیا۔
یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے خبر دی کہ جنوبی لبنان سے ڈرون حملے کے پیش نظر مقبوضہ فلسطین کے شمال میں واقع ادمیت، غورین، عیالون، حانیتا، یعرا اور عرب العرامشہ قصبوں میں خطرے کے سائرن بج گئے ہیں۔
ان ذرائع ابلاغ کے مطابق تین اینٹی آرمر میزائل راس الناقورہ کے فوجی اڈے پر گرے ہیں۔
دوسری طرف صیہونی حکومت نے جنوبی لبنان کے شہر الناقورہ کو توپ خانے سے نشانہ بنایا۔