حزب اللہ کا اسرائیلی گولانی بریگیڈ کے ہیڈکوارٹر پر حملہ
شیعہ نیوز: حزب اللہ لبنان نے ایک بیان میں آج بروز ہفتہ صبح اسرائیل کے گولانی بریگیڈ کے ہیڈکوارٹر پر راکٹ حملے کی اطلاع دی جو مقبوضہ شمالی فلسطین میں واقع ہے۔ فارس نیوز کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ آج صبح جنوبی لبنان سے مقبوضہ شمالی فلسطین کی جانب کم از کم 30 راکٹ داغے گئے۔ اسرائیلی میڈیا نے بھی کچھ دیر پہلے اطلاع دی کہ کوہ میرون، جہاں اسرائیل کا ایک فوجی اڈہ واقع ہے، میتات (الجلیل مغربی) اور راس الناقورہ (مقبوضہ شمالی فلسطین) میں خطرے کے سائرن کی آوازیں سنی گئیں۔
اس کے بعد حزب اللہ لبنان نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ غزہ کے لوگوں اور ان کی بہادرانہ مزاحمت کی حمایت میں اور جنوبی لبنان کے دیہاتوں، خصوصاً حالیہ حملے میں فرون شہر پر اسرائیلی جارحیت کے جواب میں کیا گیا۔ حزب اللہ نے اطلاع دی کہ انہوں نے کاتیوشا راکٹ کے ذریعے جبل نیریا کے فوجی اڈے کو، جو گولانی بریگیڈ کے ہیڈکوارٹر کا مقام ہے، نشانہ بنایا۔