
کشمیر پریمئیر لیگ کا محرم الحرام میں انعقاد نامناسب ہے، علامہ تصور نقوی
شیعہ نیوز:علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی ممبر علماء و مشائخ کونسل آزاد کشمیر و مرکزی رہنماء مجلس وحدت مسلمین نے کہا ہے کہ کشمیر پریمیر لیگ (KPL) کا انعقاد اور کھیلوں کی دیگر صحت مند سرگرمیاں حوصلہ افزا بات ہے مگر کشمیر پریمیر لیگ کا گزشتہ سال کی طرح امسال بھی محرم الحرام کے پہلے عشرہ میں انعقاد جہاں محرم الحرام کے تقدس کی پائمالی کا باعث ہے وہیں ایک بڑے طبقہ فکر کے جذبات بھی مجروح ہوتے ہیں۔ جبکہ میچز کے دوران میوزیک کا بھرپور استعمال بھی امام حسین علیہ السلام و آپ علیہ السلام کے رفقا کی شہادت کے سوگ کے ایام میں توہین و تذلیل کا باعث ہے۔ علامہ تصور جوادی نے مزید کہا کہ اس دوران کرکٹ اسٹیڈیم اور شہر کے بڑے ہوٹلز کے اطراف میں کرفیو کا سماں ہوتا ہے جس سے عزاداروں کے مجالس میں شرکت خصوصاً خواتین کی مجالس جو کہ دن کے اوقات میں ہوتی ہیں، کی عزاخانہ تک رسائی مشکل ہو جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب چونکہ پیٹرولیم مصنوعات مہنگا ہونے کی وجہ سے کرایوں میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے متبادل راستوں سے عزا خانوں تک پہنچنے پر اخراجات میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔ نیز اس دوران نڑول اسٹیڈیم کے اطراف میں منعقد ہونے والی مجالس کھلاڑیوں کے روٹ سے جو جلوس عزا امام بارگاہ یا دوسری جگہوں پر جاتے ہیں ان کے اوقات بھی متاثر ہوتے ہیں۔ علامہ تصور جوادی نے حکومت آزادکشمیر، چیف سیکرٹری، کھیلوں کی وزارت اور انتظامیہ سے تقاضہ کیا ہے کہ کے پی ایل کے مجوزہ ٹورنامنٹ کو دس محرم کے بعد کی تواریخ پر منعقد کروائیں تاکہ تمام لوگ میچ دیکھ کر محظوظ بھی ہو سکیں اور ٹورنامنٹ کامیاب بھی ہو سکے۔