جلوس اربعین میں کس انداز میں بھرپورشرکت کرنی ہے؟
شیعہ نیوز : اربعین امام حسین ؑ کے نزدیک آتے ہی سازشی مشنری بھی حرکت میں آچکی ہے،جنہوں نے زائرین ایران وعراق ،یوم علیؑ اور یوم عاشورا کے جلوسوں کے بعد مکتب اہل بیتؑ کے پیروکاروں کو کورونا کے پھیلاؤ کا ذمہ دار قرار دینے کا جھوٹا پروپگینڈا کیا تھا اب اربعین امام حسین ؑکے حوالے سے جاری قومی بیداری مہم سے خوفزدہ انہی عناصر نے کورونا وائرس کو بنیاد بنا کر خوف وہراس پھیلانا شروع کردیاہے ، مختلف ذرائع ابلاغ ان دنوں کورونا وائرس کے پاکستان میں دوبارہ شدت اختیار کرنے کی نشاندہی کررہے ہیں ایسے میں امام حسین ؑ کے عزاداروں کی ذمہ داریاں بھی بڑھ گئی ہیں۔
اس سال کے جب کورونا وائرس کی وجہ سے لاکھوں زائرین اربعین حسینی ؑ میں شرکت کیلئے کربلائے معلیٰ جانے سے قاصر رہے ہیں اور دوسری جانب محرم الحرام کے آغاز سے ہی ملک واسلام دشمن قوتوں نے مادر وطن میں جس فرقہ وارانہ منافرت کی آگ کو بھڑکانے کی کوشش کی ایسے میں پاکستان کے تمام جید علمائے کرام نے تمام شیعیان حیدرکرارؑ کو مخاطب کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ روز اربعین کوئی اپنے گھرمیں نا رہے مرد وزن ، بوڑھے بچے اور جوان لبیک یاحسینؑ کی صداؤں میں ہاتھوں میں پرچم وفا لیکر نکلیں ، کورونا کی عالمی وباء کے پیش نظر طبی ماہرین کی ہدایات پر لازمی عمل کریں اور مکتب اہل بیتؑ کے دشمنوں اور یزید لعین کے حامیوں کو بتادیں کہ یہ ملک آج بھی حسینیوں کا ہے تمام عزاداران حسینی ؑ خواہ وہ خواتین ہوں یا مرد، بچے ہوں یا بوڑھے سب پر لازم ہے کہ وہ روز اربعین جلوس ہائے عزا میں شرکت کے وقت ماسک کا استعمال لازمی کریں ، ممکن ہو تو اضافی ماسک دیگر عزاداروں کے لیئے بھی ساتھ رکھیں، ہینڈ سینی ٹائزرزکا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں اور اپنے ہمراہ رکھیں، جلوس میں شرکت کے دوران سماجی فاصلے کا خصوصی خیال رکھیں، نذر ونیاز کے لئے ڈسپوزبل برتنوں کے استعمال کو ترجیح دیں ، بیمار افراد جلوس عزا میں شرکت سے پرہیز کریں ۔
ہم نے اپنے نظم وضبط سے ناصرف اپنی حفاظت کرنی ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ جلوس ہائے عزا میں شریک اپنے عزیزوں اور تمام عزاداران سید الشہداءؑ کی بھی صحت کا تحفظ کرنا ہے ۔ انشاءاللہ ہماری منظم اور بیدار قوم اس اربعین پر کورونا وائرس کی عالمی وباء کے باوجود تمام تر احتیاطی تدابیر کے ساتھ جلوسوں میں اپنی بھرپور شرکت سے دنیا پر ثابت کرے گی کہ ہم سفر عشق حسینی ؑ میں حائل ہر رکاوٹ کو عبور کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور امام حسین ؑ کا عزادار ہی سب سے زیادہ ذمہ دار شہری ہوتا ہے ۔