
غزہ کی حمایت کے لیے ابھی بہت سے آپشن ہماری میز پر ہیں،محمد علی الحوثی
شیعہ نیوز:محمد علی الحوثی نے غزہ میں صیہونی حکومت کی بربریت، کھلے عام دہشت گردی اور مسلسل قتل عام پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غاصب دشمن کے جرائم یورپ اور امریکہ کی حمایت اور عرب ممالک کی خاموشی کی آڑ میں بدستور جاری ہیں۔
انہوں نے یمن کی جانب سے غزہ کی حمایت جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کے عوام کی مدد کرنے کے لیے یمن کی میز پر بے شمار آپشن موجود ہیں۔
محمد علی الحوثی نے کہا کہ یمن کی کارروائیاں غاصب دشمنوں کو غزہ میں نسل کشی کو روکنے اور غزہ کے لیے ادویات، پانی اور غذا فراہم کرنے پر مجبور کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے زور دیکر کہا کہ جب تک یہ دہشت گردی ختم نہیں ہوتی مقبوضہ سرزمینوں کی بندرگاہوں کا محاصرہ بھی جاری رہے گا۔
محمد علی الحوثی نے عرب اور مسلم ممالک سے صیہونی جارحیت کے مقابلے میں واضح موقف اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے خبردار کیا صیہونی حکومت آج، غزہ، شام اور لبنان کو نشانہ بنا رہی ہے اور کل مصر، اردن اور خلیج فارس تعاون کونسل کے اطراف کے ممالک کی باری ہوگی۔