ہم ایک قدم بھی خطِ ولی فقیہہ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، عارف الجانی
شیعہ نیوز: امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر عارف حسین الجانی نے علی رضا آباد رائیونڈ روڈ لاہور میں مزار شہید ڈاکٹر محمد علی نقویؒ کے مرقد پر سالانہ مرکزی کنونشن کی افتتاحی تقریب ’’سکاوٹ سلامی‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے سعادت کی بات ہے کہ ہم مکتب امام خمینی سے تعلق رکھتے ہیں، ہم ایسی تنظیم سے وابستہ ہیں جس کی بنیادوں میں شہداء کا لہو ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم اس مرقد پر تجدید عہد کیلئے جمع ہوئے ہیں کہ ہم شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے دیئے ہوئے خط پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی استعمار ایک منظم سازش کے تحت پوری دنیا میں اسلام کے خلاف برسر پیکار ہے، پاکستان میں بھی جب دشمن نے کوئی سازش کی، تو شہید حسینیؒ کے فرزندوں نے نکل کر وطن کا دفاع کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ سازش ملک کے خلاف ہو، فوج کے خلاف ہو یا اداروں کےخلاف ہو، آئی ایس او نے ہمیشہ اپنے وطن، فوج اور اداروں کا دفاع کیا ہے۔
عارف حسین کا کہنا تھا کہ ہم عہد کرتے ہیں کہ جب تک ہماری رگوں میں خون ہے، ہم ایک قدم بھی خطِ ولی فقیہہ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم امام خمینیؒ، شہید حسینیؒ، ڈاکٹر نقویؒ کو یاد کرتے ہیں تو اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ سب خط امام سے مربوط تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ پاک سرزمین پر اپنے کردار و عمل سے ثابت کریں کہ ہم نے دشمن کے تمام عزائم ناکام بنانے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کا نشانہ نوجوان ہیں، دشمن چاہتا ہے کہ وہ نوجوانوں کو خط ولایت سے دور کر دے، لہٰذا نوجوان اس شہید کے مرقد پر عہد کریں کہ ہم خط ولایت پر کاربند رہیں گے اور پاکستان کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا سینہ تان کر مقابلہ کریں گے، ہمیشہ ہر ظالم کے مخالف اور ہر مظلوم کے حامی رہیں گے۔