ہم مسلمانان عالم کی تقدیر سے لاتعلق نہیں رہ سکتے۔ علی مطہری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ایران کی مجلس شورای اسلامی کے رکن علی مطہری نے مجلس شورای اسلامی کے جاری اجلاس میں کشمیر کی حمایت میں یادداشت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مسلمانان عالم کی تقدیر سے لاتعلق نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایران سمیت تمام مسلمان ممالک کی ذمہ داری بہت بڑی ہے۔
یاداشت کا مکمل متن:
ہندوستانی حکومت کا جموں اور کشمیر کی خودمختاری ختم کرنے کا اقدام ایک اہم مسئلہ ہے۔ مسلمان ممالک اس مسئلے سے لاتعلق نہ رہیں۔ ایران کا دونوں فریقوں کو صبر و تحمل کی تلقین کا موقف کافی نہیں ہے۔
اولاً اس مسئلے میں کشمیر کی عوام مظلوم اور ہندوستانی حکومت ظالم ہے کیونکہ ہندوستانی حکومت کشمیری عوام کے قانونی حقوق کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔
ثانیاً اسلامی اخوت ہم سے اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ ہم دیگر مسلمانوں کی تقدیر سے لاتعلق نہ رہیں۔ البتہ مسئلہ کشمیر میں نزاع کا بیج کئی سال پہلے برطانوی استعمار نے اس وقت بویا جب وہ برصغیر سے نکل رہا تھا۔ برطانوی استعمار نے خطہ کشمیر کی سرنوشت کا کوئی واضع تعین نہیں کیا تاکہ اس خطے میں تنازع ہمیشہ ہی چلتا رہے اور اس خطے کے مسلمانوں کو امن نصیب نہ ہوسکے۔ بالکل ویسے ہی جیسے مشرق وسطیٰ ٰمیں اس خبیث استعمار برطانیہ نے مسئلہ فلسطین کا بیج بویا تھا تاکہ مسلمان ہمیشہ نزاع کی حالت میں رہیں اور کبھی ترقی نہ کرسکیں۔
مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایران کی ذمہ داری بہت بڑی ہے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ ہماری خارجہ پالیسی کی توجہ اسلامی بھائی چارے اور اسلامی اخوت پر اس طرح مرکوز نہیں ہے جیسے ہونی چاہیے تھی۔ ماضی میں بھی ہم نے بطور مثال آذربائجان اور ارمنستان کے درمیان قراع باغ کے تنازعے پر قومی مفادات کی خاطر ارمنستان کا ساتھ دیا جبکہ اس مسئلے میں آذربائجان کا موقف حق پر مبنی تھا۔ اسی طرح چینی حکومت کی جانب سے مسلمانوں کے آزار و اذیت پر بھی ہم نے کوئی موزوں موقف نہیں اپنایا تھا اور اسی طرح ماضی میں روس کی چیچنیا کے حوالے سے پالیسی پر بھی ہمارا موقف مثالی نہیں تھا۔
امیدوار ہوں کہ مسئلہ کشمیر پر ہماری خارجہ پالیسی میں سابقہ روش کو تکرار نہ کیا جائے اور کشمیر کے مظلوموں کے حقوق کے حصول کی کوشش کی جائے۔