دعا ہے کہ نئے عیسوی سال میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو، علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی
شیعہ نیوز:مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے نئے عیسوی سال2023ء کے آغاز پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نئے عیسوی سال کا آغاز اللہ تعالیٰ کی یاد اور اس کی بارگاہ میں دعا و مناجات سے کرنا چاہیئے کہ ماہ و سال کا تبدیل ہونا اللہ کی نشانی اور اس کی رحمت و کرم کا پیش خیمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیا عیسوی سال نئی امید کے ساتھ آرہا ہے اور ہماری خواہش و آرزو ہے کہ ملک سے مہنگائی، بے روزگاری، اقتصادی مشکلات، منشیات، بدامنی اور دیگر مسائل کا خاتمہ ہو اور پاکستان کے شہری بہترین اور پرسکون زندگی سے بہرہ مند ہوں، جو ان کا بنیادی حق ہے۔
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ نے ایک عظیم قوم کی بنیاد رکھی، لہذا آج ہمارے حکمرانوں کو بھی کوشش کرنی چاہیئے کہ عظیم قوم کی قیادت کرنے کے لیے خود کو اسلام اور قائد اعظم کے پیش کردہ اصولوں کے مطابق ڈھالیں، تاکہ ہمارا عظیم ملک شاد و آباد اور خوشحال ملک بن جائے، جہاں نوجوانوں کو بہتر روزگار ملے اور قومی و سماجی مسائل و مشکلات نہ ہوں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں قوم سے اپیل کی کہ نئے سال کے آغاز میں اپنے شہداء کو یاد رکھیں، جنہوں نے قوم و ملت اور ملک کے لیے لازوال قربانیاں پیش کیں اور جن کی قربانیوں کی بدولت ہی ہمارا آج باقی اور کل محفوظ ہے۔a