امریکہ و اسرائیل ظلم سے باز نہ آئے تو جلد خدا کا عذاب ان پر نازل ہوگا، علامہ ناظر عباس تقوی
شیعہ نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری علامہ سید ناظر عباس تقوی نے المحسن ہال میں موکب زینبؑ کی جانب سے ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت غزہ کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اور اسرائیل اس وقت فلسطینی عوام کو ظلم و بربریت کا بدترین نشانہ بنا رہا ہے، ہم اقوام متحدہ اور او آئی سی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالے کہ وہ اپنی دہشت گردانہ کاروائیوں کو روکے، اسرائیلی بمباری سے فلسطینی عمارتیں، اسکول، اسپتال تباہ ہو رہے ہیں، جس سے ہزاروں جانیں ابھی تک ختم ہو چکی ہیں، اسرائیل کی جانب سے اس وقت ہر قسم کی ضروریات زندگی بالخصوص اشیائے خوردونوش پر پابندی سے فلسطینیوں کی زندگی بسر کرنا مشکل ہوگیا ہے۔
علامہ سید ناظر عباس تقوی نے کہا کہ ایسی صورتحال میں اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو چاہیئے کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالیں کہ وہ اپنے اس غیر ائینی اقدام کو بند کریں، اقوام متحدہ اور اسلامی ممالک کے سربراہان اودیات، غذائیں اور دیگر امدادی سامان کی ترسیل کو یقینی بنائیں، اس وقت عالم اسلام فلسطینی عوام کی پشت پر کھڑا ہے اور امریکہ و اسرائیل کے بدترین مظالم و عزائم کی مذمت کرتا ہے، اگر امریکہ و اسرائیل اپنے اس ظلم و بربریت سے باز نہیں آئے تو جلد خدا کا عذاب ان پر نازل ہوگا۔