
اگر میں صدر نہ بنا تو امریکہ میں خون کی ندیاں بہہ جائینگی، ٹرمپ کی دھمکی
شیعہ نیوز: مقامی میڈیا کے مطابق اوہائیو میں جاری اپنی صدارتی مہم میں سابق انتہا پسند امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایسی ایسی دھمکیاں دی ہیں کہ جس پر امریکی صدر جوبائیڈن کی انتخاباتی کمیٹی نے بھی رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ”سیاسی تشدد” پر مبنی ٹرمپ کی دھمکیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ این بی سی چینل کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر میں منتخب نہ ہوا تو سب کے لئے خون کی ندیاں بہہ جائیں گی! ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ کم از کم بات ہے اور یہ خون کی ندیاں پورے ملک میں بہیں گی! ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر آئندہ انتخابات میں مجھے کامیابی نہ ملی تو پھر ہمیں یقین نہیں کہ اس ملک (امریکہ) میں کبھی انتخابات منعقد ہو سکیں گے! اس حوالے سے این بی سی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کی ترجمان کیرولین لیویٹ کا کہنا تھا کہ بائیڈن کی پالیسیاں گاڑیوں کی صنعت اور اس کے ساتھ منسلک ملازمین کے لئے خون کی ندیوں کے مترادف ہیں!
ادھر جو بائیڈن کی انتخاباتی کمیٹی کے ترجمان جیمز سنگر نے بھی اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے بیان میں تاکید کی ہے کہ یہی ڈونلڈ ٹرمپ کا حقیقی چہرہ ہے؛ ایک ایسا ہارنے والا شخص کہ جو 70 لاکھ سے زائد ووٹوں سے شکست کھاتا اور پھر اپنے رائے دہندگان کی توجہ کو اصلی حقیقت سے گمراہ کرنے کے لئے اپنی سیاسی تشدد پر مبنی دھمکیوں کو دو برابر کر دیتا ہے۔ جیمز سنگر نے جو بائیڈن کے انتخاب کے موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ کو ملنے والی شکست اور اس وقت ہونے والے پرتشدد ہنگاموں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ ایک اور 6 جنوری بنانا چاہتا ہے تاہم امریکی عوام امسال نومبر میں ہی اسے ایک اور انتخاباتی شکست سے دوچار کر دیں گے کیونکہ وہ ٹرمپ کی انتہا پسندی اور تشدد و انتقام کی جانب اس کے رجحان کو ہرگز قبول نہیں کرتے!