اگر میں امریکا کا صدر ہوتا تو اسرائیل پر کبھی حملہ نہ ہوتا، ڈونلڈ ٹرمپ
شیعہ نیوز: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر میں امریکا کا صدر ہوتا تو اسرائیل پر ایران کبھی حملہ نہ کرتا۔ ریاست پنسلوانیا میں جلسے سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل پر حملہ اس لیے ہوا کیونکہ موجودہ حکومت نے بڑی کمزوری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں موجودہ حکومت نے جو کمزوری دکھائی ہے، وہ ناقابل یقین ہے۔ ادھر ایران نے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کا جواب دے دیا۔ ایران نے اسرائیل پر ڈرون اور کروز میزائلز سے حملے کیے ہیں، 50 فیصد اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ اسرائیل کے مختلف علاقوں میں رات گئے سائرنز بج گئے، اسرائیل نے کئی ایرانی ڈرونز اور میزائلز کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران نے 200 سے زائد ڈرونز اور میزائل داغے، ایرانی حملوں میں 1 لڑکی زخمی اور ایک فوجی تنصیب کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔ امریکی سکیورٹی ذرائع نے اردن کی سرحد پر متعدد ایرانی ڈرونز کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اردن کے جیٹ طیاروں نے بھی شمالی اور وسطی اردن سے اسرائیل کی طرف جاتے درجنوں ایرانی ڈرونز مار گرائے۔ ادھر برطانیہ نے بھی کئی جنگی اور ری فیولنگ ٹینکر طیارے خطے میں بھیج دیئے، برطانوی حکومت کے مطابق طیاروں کو فضائی حملے روکنے کے لیے بھیجا گیا ہے۔