
جب صوبے کے وزیر داخلہ کا گھر محفوظ نہیں تو عام شہری کیسے محفوظ رہے گا، آفاق احمد
شیعہ نیوز:چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ پاکستان آفاق احمد نے کہا ہے کہ مورو واقعے میں وزیر داخلہ ضیا لنجار کے گھر کو نذر آتش کرنے کے واقعہ کی پر زور مذمت کرتے ہیں، پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہیں لیکن اس میں کسی کی جان و مال کو نقصان پہنچانا کسی طور قابل قبول نہیں۔ اپنی رہائش گاہ سے جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ مورو واقعہ میں عوامی املاک سمیت درجنوں گاڑیوں کو نذر آتش کرنا انسانیت کے خلاف اور قابل مذمت عمل ہے جس کی تحقیقات شفاف اور غیر جانبدارانہ ہونی چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ جب صوبے کے وزیر داخلہ جیسی بااثر اور طاقتور شخصیت کا گھر محفوظ نہیں تو عام شہری کی جان و مال کیسے محفوظ رہے گی، سندھ میں جاری پر تشدد واقعات میں کمی کے بجائے اضافہ ہوتا جارہا ہے، جس کے تانے بانے سرحد پار دشمن تک جاتے دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان خضدار میں معصوم بچوں کی اسکول بس کو بارود سے اڑانے والے سندھ میں بھی دہشت گردی کی کارروائیاں کرتے دکھائی دے رہے ہیں، دشمن اپنی شکست کا بدلہ اب پراکسی وار کے ذریعے لینا چاہتا ہے جس پر حکومت سمیت دیگر سیکورٹی کو اداروں نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔