کرم میں جنگی صورتحال، کشیدگی کو برقت حل کرلیا جاتا تو نوبت جنگ تک نہ پہنچتی، علامہ ساجد نقوی
شیعہ نیوز:شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کرم میں جنگی صورتحال اور اس کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع کے واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہوئے جنگ و جدل کے خاتمے کے لیے امن و امان کے نفاذ کے ذمہ داروں سے فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے بیان میں ایس یو سی چیئرمین نے کہا کہ ابتدائی کشیدگی کو اگر برقت حل کر لیا جاتا تو نوبت جنگ و جدل تک نہ پہنچتی اور بڑے پیمانے میں انسانی جانوں کا ضیاع نہ ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ذمہ داروں کو جنگ بندی کی جانب مسلسل متوجہ کیا جا رہا ہے تاہم اب بھی جنگ بندی کے لیے کاوشوں کا بارآور نہ ہونا افسوسناک ہے۔
انہوں نے اس افسوسناک واقعے میں بڑے پیمانے پر گولہ بارود کے بھاری استعمال پر بھی حیرت کا اظہار کیا اور حکومت سمیت امن و امن کے تمام ذمہ داروں سے مطالبہ کیا کہ وہ کرم میں جاری اس جنگ کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کر کے کرم کو انسانی المیہ سے بچائیں اور اس جنگ کو مذید پھیلنے سے روکا جائے۔ انہوں نے اس واقعے کے پس پردہ حقائق کو منظرعام پر لاکر کرم کو جنگ میں دھکیلنے والے عناصر کے خلاف فوری کاروائی کا بھی مطالبہ کیا۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے شہداء کے خانوادوں کو تعزیت و تسلیت پیش کی اور زخمیوں کی جلد شفا یابی کی دعا بھی کی۔