الیاس حسین ہزارہ نے پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، ارباب لیاقت ہزارہ
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ نے حال ہی میں آسٹریلیا میں ہونے والے باکسنگ کے مقابلے میں بھارتی کھلاڑی کو شکست دینے والے پاکستانی کھلاڑی الیاس حسین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیاس حسین نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ وزیراعظم، وزیراعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر بلوچستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ قوم کے اس ہنرمند جوان کی بہتری کے لئے ہر ممکن تعاون کریں۔ ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے صدر ارباب لیاقت علی ہزارہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کی شیعہ ہزارہ قوم سے تعلق رکھنے والے الیاس حسین ہزارہ نے روایتی حریف بھارت کے کھلاڑی کو شکست دے کر نہ صرف ہزارہ قوم اور بلوچستان بلکہ پوری پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ اس قبل بھی بین الاقوامی سطح پر قوم کی نمائندگی کرنے والے الیاس حسین پاکستان کیلئے گولڈ میڈل اور دیگر اعزازات بھی لا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ قوم کے باہنر کھلاڑیوں نے ماضی میں بھی قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ جسے ہمارے نوجوانوں کو جاری رکھنا چاہئے۔ نوجوانوں کو چاہئے کہ الیاس حسین جیسے کھلاڑیوں کی پیروی کرتے ہوئے اپنے اپنے شعبوں میں بہترین مہارت حاصل کریں۔
ارباب لیاقت علی ہزارہ نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کے فخر الیاس حسین کی ہر طرح سے معاونت اور حوصلہ افزائی کریں۔ الیاس حسین کے لئے حکومت کو انعامی رقم کا بھی اعلان کرنا چاہئے، تاکہ اس کے ذریعے نوجوانوں میں کھیلوں میں آگے بڑھنے کے رجحان میں اضافہ ہو، جو کہ پاکستان کیلئے ایک نیک شگن ثابت ہوگا۔ ایم ڈبلیو ایم رہنماء نے مزید کہا کہ الیاس حسین قوم کیلئے ایک اثاثہ ہیں۔ ماضی میں بعض کھلاڑیوں کو گمنامی کا سامنا کرنا پڑا، جسکے باعث نوجوانوں میں مایوسی پیدا ہو گئی تھی، تاہم حکومت کے حالیہ اقدامات سے امید کی نئی کرن پیدا ہو گئی ہے۔ وزیراعظم، وزیراعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر بلوچستان بذات خود الیاس سے ملاقات کرکے انکی حوصلہ افزائی کرینگے تو یہ پوری پاکستانی قوم کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ اس سے قبل بھی وزیراعظم بھارتی حریف کو شکست دینے والے پاکستانی کھلاڑی سے ملاقات کر چکے ہیں، کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی جاری رہنی چاہئے۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ حکومت الیاس کے بہتر مستقبل کے لئے ہر طرح سے مالی معاونت اور سہولیات فراہم کرے۔