اہم پاکستانی خبریں

امام حسینؑ نے کربلا میں باطل کو شکست دیکر دین اسلام کو زندہ و جاوید کیا، ثروت اعجاز قادری

شیعہ نیوز:پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ سیدنا امام حسین علیہ السلام نے کربلا میں باطل کو شکست دیکر دین اسلام کو زندہ و جاوید کیا، امام عالی مقام حضرت امام حسینؑ کی سیرت و کردار سے امت مسلمہ کے قلوب قیامت تک منور ہوتے رہیں گے، واقعہ کربلا ہمیں باطل قوتوں کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے کا درس دیتا ہے، شہدائے کربلا کی قربانی صبر و تحمل اور باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر سینئر کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ امام حسینؑ کی عظمت کے چرچے تاقیامت ہوتے رہیں گے، نئی نسل مشنِ حسینی پر گامزن ہوکر ملک کو جہالت کے اندھیروں اور عوام کے حقوق دلانے کی کاوشیں کرے۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ نے سسکتی انسانیت کو جبر سے نجات دلا کر صراط مستقیم کی راہ پر گامزن رہنے کا سلیقہ سیکھایا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ امام عالی مقام حضرت امام حسینؑ کی قربانی نے اسلام کو صبح قیامت تک زندہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باطل قوتوں کے خاتمے اور ملک کو انتہاپسندی و دہشتگردی سے نجات کیلئے حسینی جذبے سے سرشار ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فرسودہ نظام حکومت، سیاست، جاگیرادانہ نظام، وڈیرہ شاہی کے خلاف علم جہاد بلند کرنے والے حسینی قافلے میں شامل ہیں، ملک کسی طور بھی انتہاپسندی و دہشتگردی کا متحمل نہیں ہو سکتا، ہمیں اسلام و ملک دشمن قوتوں کو اتحاد و یکجہتی سے شکست دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی ملک کی سلامتی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں، ملک کی سلامتی و استحکام اور دہشتگردی کے خلاف ملک کے عوام پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button