پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

امام خمینیؒ نے امت مسلمہ کو طاقتور بننے کا راستہ دکھایا، علامہ مقصود ڈومکی

کوئٹہ میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ امام خمینیؒ کی انقلابی فکر نے اسلامی جمہوریہ ایران کو اتنا مضبوط کر دیا کہ آج امریکہ اور اسرائیل اس پر حملہ کرنے سے پہلے سو بار سوچتے ہیں

شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ دین اسلام نے اہل حق اہل ایمان کو طاقت کے حصول کا حکم دیا ہے، جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے "اور دشمن کے مقابلے میں جتنی طاقت جمع کر سکتے ہو، کرو۔” ایسی طاقت حاصل کرو کہ دشمن تم سے خوفزدہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ اللہ کی طاقت پر کامل یقین رکھتے تھے، اسی لیے وہ امریکہ، اسرائیل اور عالمی استعمار سے خوفزدہ نہیں تھے۔ آپ فرمایا کرتے تھے کہ "امریکہ ھیچ غلطی نمی تواند بکند” یعنی امریکہ کوئی غلط قدم نہیں اٹھا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بانی انقلاب اسلامی، رہبر کبیر حضرت امام خمینیؒ کی 36ویں برسی کی مناسبت پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کوئٹہ کے زیر اہتمام "اقتدار امام خمینی کی نگاہ میں” کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے اس موقع پر کہا کہ امام خمینیؒ نے امت مسلمہ کو طاقتور بننے کا راستہ دکھایا۔ اللہ کی ذات کے بعد آپ نے ہمیشہ عوامی طاقت پر بھروسہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: یورینیئم کی افزودگی جاری رکھنے کے لئے ہمیں کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں، عراقچی

انہوں نے کہا کہ آپ کا یہ تاریخی جملہ ’’میزان، رائے ملت است‘‘ یعنی "پیمانہ ملت کی رائے ہے”، آج بھی اسلامی جمہوریہ کی سیاست کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ نے اسلامی افواج کو طاقتور دیکھنا چاہا۔ فلسطین کے نہتے مجاہدین، جن کے ہاتھوں میں صرف پتھر اور غلیل تھے، انہی کے ہاتھوں میں رائفل، میزائل اور راکٹ لانچر دیئے تاکہ وہ اسرائیل جیسے غاصب کے مقابلے میں ڈٹ سکیں۔ امام خمینیؒ کی انقلابی فکر نے اسلامی جمہوریہ ایران کو اتنا مضبوط کر دیا کہ آج امریکہ اور اسرائیل اس پر حملہ کرنے سے پہلے سو بار سوچتے ہیں۔ علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ اقتدار اور طاقتور دفاع کی تازہ مثال ہمیں وطن عزیز پاکستان میں دیکھنے کو ملی، جب بھارتی وزیراعظم مودی نے طاقت کے نشے میں پاکستان پر حملہ کیا، تو پاک فضائیہ کے بہادر جوانوں نے بھارتی جہازوں کو سرنگوں کرکے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ اگر پاکستان کا دفاع کمزور ہوتا تو دشمن مزید حملوں کا مرتکب ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ کی فکر آج بھی دنیا بھر کے مظلوموں کے لیے امید کا چراغ ہے، اور امت مسلمہ کو چاہئے کہ وہ اپنے دفاع، معیشت، سیاست اور ٹیکنالوجی میں خودکفالت حاصل کرے تاکہ عالم کفر کے سامنے اپنا سر بلند رکھ سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button