پاکستانی شیعہ خبریں

امام محمد باقر (ع) نے علوم قرآن و تعلیمات آل محمد (ع) کو پھیلایا، علامہ مقصود ڈومکی

شیعہ نیوز: حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کی یوم شہادت کی مناسبت سے مدرسہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کوئٹہ میں تقریب منعقد ہوئی۔ جس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی، بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر حاجی جواد رفیعی اور حاجی سید میر حسین حسینی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضرت امام محمد باقر علیہ السلام نے علوم قرآن و تعلیمات آل محمدؑ کو پھیلایا۔ آپ نے حضرت محمد بن مسلم زرارہ بن اعین فضیل بن یسار اور ابو بصیر اسدی جیسے جلیل القدر اصحاب کی تربیت کی۔ جنہوں نے علوم اہل بیت علیہم السلام کو دنیا تک منتقل کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ ہم فرزند رسول حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کے فرامین اور تعلیمات کا بغور مطالعہ کریں اور آئمہ اہل بیت علیہم السلام کے نورانی کلام کو دنیا تک پہنچائیں۔ دینی مدارس علوم اہل بیت علیہم السلام کی تبلیغ و ترویج کا ذریعہ ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سہیل اکبر شیرازی نے کہا کہ ہمارے دینی مدارس علوم قرآن و اہل بیت علیہم السلام کی ترویج کا مرکز ہیں۔ عوام کو ان مدارس دینیہ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ان مدارس کو مضبوط کرنا چاہیے۔ اس موقع پر مدرسہ خاتم النبیین کوئٹہ کے سہ ماہی امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ تقریب میں مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے نائب صدر عیوض علی ہزارہ، ضلعی نائب صدر ایم ڈبلیو ایم آغا ضیاء، مولانا نور حسین اندرزگو و دیگر شریک ہوئے۔ تقریب میں مدرسہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کوئٹہ کے سرپرست علامہ قاضی سید نیاز حسین نقوی اور ڈاکٹر غلام حسین جعفر کی بلندی درجات کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button