5 ماہ سے قید مسجد نبوی کے پیش امام پراسرار طور پر شہید
شیعہ نیوز: سعودی شاہی حکومت خصوصاً ولی عہد محمد بن سلمان کے ظالمانہ اقدامات میں ایک اور سنگین جرم کا اضافہ، امام مسجد نبوی الشیخ احمد العماری 5 ماہ کی قید تنہائی کے دوران پراسرار طور پر انتقال کرگئے ۔ ذرائع کے مطابق الشیخ احمد العماری سعودی شاہی حکومت بالخصوص محمد بن سلمان کے اسرائیل کے ساتھ بڑھتے تعلقات کے مخالف سمجھے جاتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق مسجد نبوی میں امامت کے فرائض انجام دینے والے ، معروف مبلغ اور مذہبی شخصیت الشیخ احمد العماری جنہیں 5 ماہ قبل گرفتار کرکے شاہی جیل میں رکھا گیا تھا انتہائی علالت کی حالت میں خالق حقیقی سے جاملے ۔
سعودی مذہبی شخصیات کی گرفتاری پر نظر رکھنے والے سوشل میڈیا گروپ ’’پرزنرآف کنسائس ‘‘ کے مطابق شیخ احمد العماری جو جامعہ اسلامیہ مدینہ میں قرآن کالج کے سابق سربراہ بھی تھے گرفتاری کے 5 ماہ بعد حراست میں ہی انتقال کرگئے ۔
مذکورہ گروپ کی جانب سےسعودی جیل حکام پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے 69 سالہ بزرگ عالم دین کی صحت کی جانب سے غفلت برتی جس کا نتیجہ ان کی موت کی صورت میں سامنے آیا ۔
دوسری جانب سے لندن سے تعلق رکھنے والی انسانی حقوق کی تنظیم القسط کے ڈائریکٹر یحییٰ اسیری کا کہنا تھا کہ احمد العماری کو سعودی حکومت کی جانب سے جاری کریک ڈاؤن کی نتیجے میں اگست 2020 میں ان کی رہائش گاہ سےان کے قریبی معاون اور اسلامی اسکالر صفرالحوالی کے ہمراہ حراست میں لیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ 68 سالہ صفر الحوالی کو 3ہزار صفحات پر مشتمل کتاب کی اشاعت کےبعد گرفتار کیا گیاتھا جس میں انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور شاہی خاندان کو اسرائیل کے ساتھ تعلقات پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا ۔