امام زین العابدین ؑکایوم شہادت پاکستان سمیت دنیا بھر میں منایا گیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں شہادتِ امام زین العابدین علیہ السلام کی مناسبت سے خصوصی مجالسِ عزاء کاانعقاد کیا گیا۔
مختلف امام بارگاہوں میں بعد ختم مجلس شبیہء تابوت امام زین العابدین علیہ السلام برآمد ہورہے ہیں ۔علماء کرام وذاکرینِ عظام فضائل و مصائبِ امام سید سجادعلیہ السلام بیان کر رہے ہیں ۔ امام ز ین العابدین علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے نکالے جانے والے ماتمی جلوس رات گئے تک جاری رہیں گے۔
کراچی میں مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینی میشن شاہ فیصل کالونی سے نکالاگیا جو اپنے مقرر راستوں سے ہوتا ہوا امامبارگاہ کربلا میں اختتام پذیر ہوا
آپ کا نام علی بن حسین (ع) ہے، آپ نوجوانان جنت کے سردار حضرت امام حسین (ع) کے فرزند ارجمند ہیں۔ آپ کے بہت سے القابات ذکر کیے گئے ہیں، جن میں زین العابدین اور سجاد زیادہ مشہور ہیں۔ آپ خاندان رسالت کے عظیم فرزند تھے، زہد وتقویٰ اور عبادت خداوندی میں بے نظیر و بے مثال ہیں۔
آپ کا سب سے مشہور لقب زین العابدین ہے، اس کا مطلب عبادت گزاروں کی زینت ہے، یہ لقب آپ کو آپ کی کثرت عبادت کی وجہ سے دیا گیا۔ آپ ایک رات میں ہزار ہزار رکعت نماز ادا کیا کرتے تھے۔ آپ کی کنیز سے آپ کے متعلق پوچھا گیا تو اس نے کہا میں سالوں امام کی خدمت میں رہی، میں نے ہمیشہ امام کا معمول دیکھا کہ دن کو وہ روزہ رکھتے اور رات عبادت خدا میں گزار دیتے۔آپ عبادت گزاروں کے سید وسردارہیں ۔