
ڈیرہ اسماعیل خان میں ایام عزاء کے پرامن اختتام پر اہم تقریب
شیعہ نیوز: ڈیرہ اسماعیل خان ماضی قریب میں امن و امان کے حوالے سے انتہائی حساس ضلع رہا ہے، خاص طور پر مذہبی جنونی تکفیری عناصر نے اس شہر کے امن کو بری طرح تہہ و بالا کیا، بالخصوص اہل تشیع کو اس حوالے سے بہت قربانیاں دینی پڑی ہیں، انہی وجوہات کی بناء پر ڈی آئی خان کو محرام الحرام میں انتہائی حساس قرار دیا جاتا ہے۔
امسال محرم الحرام اور صفر المظفر کے مراسم عزاداری پرامن طور پر اپنے انجام کو پہنچے۔ حسب سابق اس مرتبہ بھی شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر اور ایس یو سی ڈیرہ اسماعیل خان کی طرف سے محرم الحرام اور اربعین شہدائے کربلا کے پر امن انعقاد پر ’’یوم تشکر‘‘ کے عنوان سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا، جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام، ڈویژنل انتظامیہ، پولیس افسران، امن کمیٹیوں کے اراکین، ڈی آر سی چیئرمین اور ممبران سمیت میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔
شرکائے تقریب میں میزبان علامہ محمد رمضان توقیر کے علاوہ ریجنل پولیس آفیسر ناصر محمود ستی بطور مہمان خصوصی، جبکہ دیگر شرکاء کمشنر ڈیرہ ظفر الاسلام خٹک میں سابق صوبائی وزیر عبدالحلیم قصوریہ، سیکرٹری ڈی آر سی محمد نواز محسود، قاری خلیل احمد سراج، سید فیاض حسین شاہ بخاری، تحصیل چیئرمین پہاڑ پور مخدوم زادہ سید الطاف حسین شاہ، مخدوم علی رضا شاہ، تحصیل چیئرمین درابن احسان اللہ خان میانخیل، صاحبزادہ عابد فاروقی، معروف قانون دان غلام محمد سپل ایڈووکیٹ، سید ظل حسنین شاہ، سی ای او واسا سید صدا حسین شاہ عرف رومی شاہ و دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر علامہ رمضان توقیر نے آر پی او ڈیرہ ناصر محمود ستی اور کمشنر ڈیرہ ظفر الاسلام خٹک کو اسلامی کتاب کا تحفہ بھی پیش کیا۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ رمضان توقیرنے خطاب کرتے ہوئے تمام شرکاء کا آمد پر شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ربیع الاول کا مقدس مہینہ ہے جو اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر عمل پیرا ہوں، ڈیرہ اسماعیل خان میں محرم الحرام کے پرامن انعقاد پر ڈیرہ کے شہریوں، تمام مکاتب فکر کے اکابرین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار مثالی ہے، ماضی میں یہ سرزمین دہشت گردی کا نشانہ بنی رہی تاہم اس سرزمین پر آج امن کی فضاء قدرت کا احسان ہے۔
علاوہ ازیں کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن ظفر السلام خٹک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام مسالک کے اکابرین، امن کمیٹی، میڈیا اور شہریوں کے مثبت کردار کی بدولت ڈیرہ میں محرم الحرام کا پرامن انعقاد یقینی بنا، محرم الحرام میں تمام مکاتب فکر کے درمیان بھائی چارے کے ماحول سے اندازہ ہوا کہ اس علاقے کو کیوں ”ڈیرہ پھلاں دا سہرا” کہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کا شمار محرم الحرام کے دوران حساس ترین اضلاع میں ہوتا ہے، میں نے یہاں امن کمیٹی کے ممبران کی محبت دیکھی تو یقین ہوگیا کہ اب یہ علاقہ امن کا گہوارہ ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے پیشہ وارانہ مہارت اور مثالی کردار سے سیکورٹی کے انتظامات کو تشکیل دیا، انتظامیہ اور اکابرین شہر سے رابطے رکھے اور دیگر اداروں نے بھی اپنا پیشہ وارانہ کردار محبت، اتحاد، بھائی چارے کے جذبہ سے سرشار ہوکر ادا کیا۔ ربیع الاول کا مبارک مہینہ بھی آقائے ختم نبوت ص کی نسبت سے اپنی منفرد اہمیت رکھتا ہے اور اس مہینہ کو بھی تمام مکاتب فکر اپنے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق گزاریں گے۔
علاوہ ازیں مہمان خصوصی ریجنل پولیس آفیسر ناصر محمود ستی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شرپسند عناصر ہمیشہ امن کے خلاف متحرک رہتے ہیں اور امن دوست قوتیں ان کے عزائم کو ناکام بناتی ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں پرامن ماحول کا قیام اللہ کا احسان ہے، اس حوالہ سے پولیس فورس، انتظامیہ، سیکورٹی اداروں، امن کمیٹیوں کے کردار کو اسکا کریڈٹ نہ دینا زیادتی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان پولیس نے دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر مثالی کردار ادا کیا۔
آر پی او نے مزید کہا کہ عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا باہمی اعتماد اور تعاون ہی شہروں میں بدامنی کے خاتمہ اور فروغ امن میں کردار ادا کرتا ہے اور آج آپ لوگوں کے باہمی اتحاد سے ڈیرہ اسماعیل خان کا شمار پاکستان کے پرامن علاقوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کا جہاد جاری ہے، عوام ایسے شرپسند عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ ایسے عناصر کو پنپنے کا موقع ہی نہ ملے۔
تقریب میں شریک تمام اکابرین اور خصوصاً میڈیا نے فروغ امن کے حوالے سے عملی کردار ادا کیا، جس پر ان کا شکر گزار ہوں۔ اس موقع پر سابق تحصیل ناظم پروا سردار امتیاز بلوچ کی مغفرت اور درجات کی بلندی کی خصوصی دعا کی گئی۔ تقریب میں محرم الحرام کے دوران بہترین انتظامات کرنے پر کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ظفر الاسلام، آر پی او ناصر محمود ستی و دیگر نے ٹی ایم اے اور واسا کے افسران و ہلکاروں کو خصوصی شیلڈ کا تحفہ بھی پیش کیا۔