کراچی شیعہ علماء، ذاکرین، ماتمی انجمنوں اور ملی تنظیموں کے رہنماؤں کا اہم اجلاس
شیعہ نیوز:ملت جعفریہ کی نمائندہ جماعتوں کے رہنماؤں نے مشترکہ اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ امام زادہ عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار پر عزاداری کرنے والے بے گناہ شیعہ نوجوانوں اور عزاداروں کو فی الفور رہا کیا جائے اور انتظامیہ کی جانب سے قائم کئے گئے بے بنیاد مقدمات کو ختم کیا جائے۔ ملت جعفریہ کی نمائندہ جماعتوں بشمول مجلس وحدت مسلمین کراچی کے صدر مولانا شیخ محمد صادق جعفری، شیعہ علماء کونسل کراچی کے صدر علامہ کامران حیدر عابدی، ہیئت آئمہ مساجد و علماء امامیہ کے جنرل سیکرٹری مولانا رضی حیدر جعفری، جعفریہ الائنس کے نائب صدر علامہ باقر حسین زیدی، جنرل سیکرٹری سید شبر رضا، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی کے غیور عباس، مرکزی تنظیم عزاداری کے صدر ایس ایم نقی، جنرل سیکرٹری عباس حیدر، مساجد امام بارگاہ فیڈریشن کے رہنماء رضی حیدر، ایم ڈبلیو ایم رہنماء احسن عباس اور ناصر حسینی سمیت دیگر رہنماؤں کا مشترکہ اجلاس مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ امام زادہ عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار اقدس پر عزاداری کے دوران گرفتار کئے گئے ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والے تمام بے گناہ اسیروں کو فی الفور رہا کیا جائے اور حکومت کی جانب سے قائم کئے گئے بے بنیاد مقدمات کو ختم کیا جائے۔
ملت جعفریہ کے نمائندہ اجلاس میں رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان سب کا ہے اور کسی کو کسی پر برتری حاصل نہیں ہونی چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان میں بنیادی انسانی حقوق کے تحت ہر مسلک و مذہب کے پیروکاروں کو اپنے مروجہ طریقوں سے عبادت کرنے کا حق حاصل ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ اولیاء اللہ نے ہمیشہ محبت اور امن کا درس دیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اولیاء اللہ کے مزارات مقدسات نہ صرف مسلمانوں کے لئے بلکہ دیگر مذاہب کے پیروکاروں کے لئے بھی قابل احترام ہیں۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ امام زادہ عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار اقدس پر گذشتہ دنوں پیش آنے والا واقعہ افسوس ناک تھا۔ ملت جعفریہ کے رہنماؤں نے کہا کہ شرپسند عناصر ملک میں انارکی اور تفرقہ پھیلانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملت جعفریہ پاکستان نے ہمیشہ اتحاد بین المسلمین کے لئے جدوجہد کی ہے اور مسلمانوں کے باہمی اتحاد اور اتفاق کے خاطر ہمارے بزرگوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، تاہم کسی شر پسند ٹولہ کو شیعہ اور سنی مسلمانوں کے باہمی اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس موقع پر علماء کرام، ذاکرین، ماتمی انجمنوں کے نمائندوں اور مذہبی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے باہمی تعاون اور اتفاق کے ساتھ ملک و ملت کی خدمت اور عزاداری کے تحفظ کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا۔