
اپنے پیاروں کی تدفین کردیں، میں جلد آپ کے پاس آؤں گا، وزیراعظم کی ہزارہ برادری سے اپیل
وزیراعظم عمران خان نے مچھ میں ہونے والے دہشت گردی کے حملے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے ہزارہ خاندانوں سے کہا ہے کہ وہ جلد ان کے پاس آئیں گے تاہم ان سے اپیل ہے کہ وہ میتوں کی تدفین کردیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ میں مچھ میں سفاکانہ دہشت گردی کے حملے میں اپنے پیاروں کو کھو دینے والے ہزارہ خاندانوں کو دوبارہ یقین دلاتا ہوں کہ میں آپ کے دکھ اور مطالبات سے آگاہ ہوں۔
انہوں نے لکھا کہ ہم مستقبل میں اس طرح کے حملوں کو روکنے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں اور جانتے ہیں کہ ہمارا پڑوسی اس فرقہ ورانہ دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے۔
وزیراعظم نے لکھا کہ میں آپ کا درد بانٹتا ہوں اور غم کے ان لمحات میں اظہار یکجہتی کے لیے پہلے بھی آپ کے پاس آچکا ہوں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میں ہر خاندان سے ذاتی طور پر تعزیت اور دعا کے لیے بہت جلد دوبارہ آؤں گا، میں اپنے لوگوں کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا، ازراہ کرم اپنے پیاروں کی تدفین کردیں تاکہ ان کی روح کو سکون مل سکے۔